Native World News

مذاکرات شروع ہونے سے پہلے ایران کو 12 ارب ڈالر ملیں گے؟ ایرانی میڈیا کا دعویٰ

مذاکرات شروع ہونے سے پہلے ایران کو 12 ارب ڈالر ملیں گے؟ ایرانی میڈیا کا دعویٰ

ابھی تک ایران یا امریکا کی جانب سے اس دستاویز کی صداقت یا اس میں شامل نکات کی سرکاری توثیق نہیں کی گئی

تہران: ایرانی خبر رساں ایجنسی مہر نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان زیرِ غور 14 نکاتی مجوزہ مفاہمتی یادداشت کے تحت واشنگٹن ایران کے منجمد اثاثوں میں سے 12 ارب ڈالر مذاکرات کے آغاز سے قبل جاری کر سکتا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق مہر نیوز ایجنسی نے ایک ایسی دستاویز شائع کی ہے جس میں امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ مفاہمت کی تفصیلات بیان کی گئی ہیں۔ تاہم اس دستاویز کی تاحال کسی بھی فریق نے باضابطہ تصدیق نہیں کی۔

رپورٹ کے مطابق مجوزہ معاہدے میں یہ شق شامل ہے کہ مفاہمتی یادداشت طے پانے کے بعد شروع ہونے والے 60 روزہ مذاکراتی دور کے دوران ایران کے 24 ارب ڈالر مالیت کے منجمد اثاثے مرحلہ وار جاری کیے جائیں گے۔

دستاویز میں مزید کہا گیا ہے کہ اس رقم کا نصف، یعنی 12 ارب ڈالر، مذاکرات کے باقاعدہ آغاز سے پہلے ایران کو فراہم کیا جائے گا تاکہ اعتماد سازی کے عمل کو فروغ دیا جا سکے۔

ذرائع کے مطابق مجوزہ مفاہمت میں پابندیوں میں نرمی، اقتصادی تعاون اور جوہری پروگرام سے متعلق معاملات پر بھی بات چیت شامل ہو سکتی ہے۔ تاہم ابھی تک ایران یا امریکا کی جانب سے اس دستاویز کی صداقت یا اس میں شامل نکات کی سرکاری توثیق نہیں کی گئی۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر یہ معاہدہ طے پا جاتا ہے تو یہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں کمی اور اقتصادی تعلقات میں بہتری کی جانب ایک اہم پیش رفت ثابت ہو سکتا ہے۔

Source: https://www.express.pk/story/2817560/us-may-release-12-billion-in-frozen-iranian-assets-before-talks-2817560

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.