Native World News

حکومت کا درآمدی ڈیوٹیز میں بڑی کمی کا فیصلہ، معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی

حکومت کا درآمدی ڈیوٹیز میں بڑی کمی کا فیصلہ، معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی

5 سالہ نیشنل ٹیرف پالیسی 2025-30 میں کسٹمز، ریگولیٹری، ایڈیشنل ڈیوٹیز میں مرحلہ وار نمایاں کمی لائی جائے گی، ذرائع

حکومت نے معاشی سرگرمیاں بڑھانے کے لیے درآمدی ڈیوٹیز میں بڑی کمی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے ملک میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور تجارتی نظام میں مسابقت بڑھانے کے لیے 5 سالہ نیشنل ٹیرف پالیسی 2025-30 کے تحت درآمدی ڈیوٹیز میں بڑی کمی کا فیصلہ کیا ہے۔

5 سالہ نیشنل ٹیرف پالیسی 2025-30 میں کسٹمز، ریگولیٹری، ایڈیشنل ڈیوٹیز میں مرحلہ وار نمایاں کمی لائی جائے گی۔ اس پالیسی کا بنیادی مقصد اوسط ٹیرف کو 20.19 فیصد سے کم کر کے 9.70 فیصد تک لانا ہے۔ اس اقدام سے ریونیو کی مد میں 143 ارب روپے نقصان کا خدشہ ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ پارلیمانی حلقوں کے مطابق اس اقدام سے مارکیٹ میں مقابلہ بڑھے گا اور درآمدی لاگت میں کمی آئے گی۔ حکام نے بتایا کہ 5 سال میں کسٹمز ڈیوٹی کو زیادہ سے زیادہ 15 فیصد تک محدود کرنے کی تجویز ہے۔ اسی طرح اضافی کسٹمز ڈیوٹی کو 6 فیصد سے کم کرکے بتدریج صفر کرنے کا پلان شامل ہے۔

علاوہ ازیں ریگولیٹری ڈیوٹی کی زیادہ سے زیادہ شرح بھی 20 فیصد تک محدود رکھنے اور اسے مرحلہ وار ختم کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ 5 سال میں درآمدی ڈیوٹی کی اوسط شرح 16.56 فیصد تک کم کرنے کا ہدف ہے۔ انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ نے مقامی اور درآمدی گاڑیوں پر یکساں ٹیرف کی سفارش کی ہے۔

نئی پالیسی کے تحت مقامی صنعت اور درآمدی مارکیٹ کے لیے یکساں مواقع فراہم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ یہ اصلاحات ٹیرف ڈھانچے کو عالمی معیار کے مطابق لانے کے لیے اٹھایا گیا ایک اہم قدم ہے، جس کا مقصد ملکی صنعتوں کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور تجارتی نظام میں شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔

Source: https://www.express.pk/story/2819194/government-decides-to-significantly-reduce-import-duties-economic-activities-will-increase-2819194/

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.