Native World News

بلوچستان گرینڈ الائنس مطالبات کی منظوری کیلئے احتجاج، پولیس کا لاٹھی چارج اور گرفتاریاں

بلوچستان گرینڈ الائنس مطالبات کی منظوری کیلئے احتجاج، پولیس کا لاٹھی چارج اور گرفتاریاں

احتجاجی تحریک کے اگلے مرحلے میں 19 جون کو کوئٹہ میں تادم مرگ بھوک ہڑتال اور دھرنا دیا جائے گا، قدوس کاکڑ

بلوچستان گرینڈ الائنس نے صوبائی اسمبلی میں بجٹ پیش کیے جانے کے موقع پر اپنے 12 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ کی منظوری کے لیے کوئٹہ میں ریلی نکالی، جس پر پولیس نے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کی، جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت متعدد ملازمین زخمی ہوگئے اور الائنس کے کئی قائدین اور کارکنوں کو حراست میں لے لیا گیا۔

بلوچستان گرینڈ الائنس کے زیر اہتمام ایوب اسپورٹس کمپلیکس سے ریلی نکالی گئی جو ریڈ زون کی جانب رواں دواں تھی تاہم جوائنٹ روڈ اور چمن پھاٹک کے سنگم پر پولیس نے مظاہرین کو آگے بڑھنے سے روک دیا اور اس دوران پولیس حکام اور گرینڈ الائنس کے رہنماؤں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جس کے بعد پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج اور شیلنگ شروع کردی۔

پولیس کارروائی کے دوران احتجاج میں شریک خواتین اور بچوں سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے، پولیس نے گرینڈ الائنس کے قائدین اور کارکنوں کو گرفتار کرکے مختلف تھانوں میں منتقل کردیا۔

بعد ازاں بلوچستان گرینڈ الائنس کے رہنما قدوس کاکڑ نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پولیس کارروائی کی شدید مذمت کی اور کہا کہ ملازمین اپنے جائز اور آئینی مطالبات کے حق میں پرامن احتجاج کر رہے تھے لیکن حکومت نے مذاکرات کے بجائے طاقت کا استعمال کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ گرفتار قائدین اور کارکنوں کی فوری رہائی سمیت مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھا جائے گا۔

قدوس کاکڑ نے اعلان کیا کہ حکومتی رویے کے خلاف کل سے بلوچستان بھر کے تمام سرکاری دفاتر اور تعلیمی اداروں میں غیر معینہ مدت کے لیے ہڑتال کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ احتجاجی تحریک کے اگلے مرحلے میں 19 جون کو کوئٹہ میں تادم مرگ بھوک ہڑتال اور دھرنا دیا جائے گا۔

گرینڈ الائنس کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ حکومت نے ملازمین کے مسائل حل کرنے کے بجائے تشدد اور گرفتاریوں کا راستہ اختیار کیا ہے، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

Source: https://www.express.pk/story/2817981/balochistan-grand-alliance-demands-protest-police-shelling-arrest-2817981

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.