Native World News

بھارتی گلوکار بادشاہ کی شادی کی تصدیق ہوگئی، اہلیہ نے تصاویر شیئر کردیں

بھارتی گلوکار بادشاہ کی شادی کی تصدیق ہوگئی، اہلیہ نے تصاویر شیئر کردیں

بادشاہ کی اہلیہ نے انہیں مخاطب کرتے ہوئے لکھا ”پتی دیو، عوام کے بہت سے سوالات ہیں، براہِ کرم جلد جواب دیں“

بھارتی پنجابی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ ایشا رِکھی نے بالآخر ریپر اور گلوکار بادشاہ کے ساتھ اپنی شادی سے متعلق افواہوں کی تصدیق کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر جاری تمام قیاس آرائیوں کا خاتمہ کر دیا ہے۔

گزشتہ چند ماہ سے دونوں کے درمیان تعلقات اور شادی کی خبروں پر میڈیا اور مداحوں میں بحث جاری تھی، تاہم اب اداکارہ نے ایک رومانوی تصویر شیئر کرتے ہوئے حقیقت واضح کر دی ہے۔

یہ انکشاف ایشا رِکھی نے انسٹاگرام پر ”آسک می اینی تھنگ“ سیشن کے دوران ایک مداح کے سوال کے جواب میں کیا۔ مداح نے ان سے سوال کیا تھا کہ اگر وہ اور بادشاہ شادی شدہ ہیں تو دونوں ایک دوسرے کو انسٹاگرام پر فالو کیوں نہیں کرتے، جس پر اداکارہ نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ انہیں بار بار یہی سوالات موصول ہو رہے ہیں کہ کیا ان کی شادی ہو چکی ہے اور کیا وہ واقعی بادشاہ کی اہلیہ ہیں۔

اداکارہ نے تمام چہ مگوئیوں کا جواب دیتے ہوئے واضح الفاظ میں کہا کہ ”جی ہاں، میری شادی ہو چکی ہے۔“ تاہم سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کو فالو نہ کرنے سے متعلق سوال پر انہوں نے مزاحیہ انداز اپناتے ہوئے کہا کہ اس سوال کا جواب ان کے شوہر کو دینا چاہیے، ساتھ ہی انہوں نے بادشاہ کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ”پتی دیو، عوام کے بہت سے سوالات ہیں، براہِ کرم جلد جواب دیں۔“

اسی سیشن کے دوران ایک اور مداح نے سوال کیا کہ شادی کے باوجود انہوں نے بادشاہ کے ساتھ کوئی تصویر کیوں شیئر نہیں کی، جس پر ایشا رِکھی نے سب کو حیران کرتے ہوئے ایک رومانوی تصویر بھی پوسٹ کر دی۔ اس تصویر میں دونوں کو خوشگوار موڈ میں دیکھا جا سکتا ہے، جس کے بعد سوشل میڈیا پر مبارکبادوں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔

یاد رہے کہ دونوں کی شادی سے متعلق خبریں رواں سال 24 مارچ کو اس وقت سامنے آئی تھیں جب ایشا رِکھی کی والدہ پونم رِکھی نے ایک نجی تقریب کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی تھیں۔ ان مناظر میں بادشاہ اور ایشا کو روایتی عروسی لباس میں شادی کی رسومات ادا کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا، جس کے بعد یہ تصاویر تیزی سے وائرل ہو گئیں۔ تاہم اس وقت دونوں میں سے کسی نے بھی ان خبروں کی نہ تصدیق کی تھی اور نہ تردید۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ شادی کی تصدیق کے باوجود بادشاہ نے اس حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا۔ چند روز قبل انہوں نے انسٹاگرام پر ایک نامعلوم خاتون کے ساتھ تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ”کائنات لوگوں کو آپ کی زندگی میں لانے کا اپنا ایک منفرد طریقہ رکھتی ہے۔“ تصاویر میں خاتون کا چہرہ واضح نہ ہونے کے باعث مداح اب بھی ان کی شناخت جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ایشا رِکھی پنجابی فلم انڈسٹری کا ایک معروف نام ہیں، جنہوں نے 2013 میں اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا اور متعدد پنجابی و ہندی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ دوسری جانب بادشاہ بھارتی میوزک انڈسٹری کے بڑے ناموں میں شمار ہوتے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کی سابقہ شادی جیسمین مسیح سے ہوئی تھی، جن سے ان کی ایک بیٹی بھی ہے، جبکہ 2020 میں دونوں کی علیحدگی کی خبریں سامنے آئی تھیں۔

Source: https://www.express.pk/story/2817104/indian-singer-badshah-marriage-confirmed-wife-shares-photos-2817104

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.