Native World News

کرپٹو کرنسی اور ٹریڈنگ میں شہریوں کو لوٹنے کا اسکینڈل؛ ملزم کا بینک اکاؤنٹ منجمد

کرپٹو کرنسی اور ٹریڈنگ میں شہریوں کو لوٹنے کا اسکینڈل؛ ملزم کا بینک اکاؤنٹ منجمد

فیصلے کی تشہیر اخبارات میں کی جائے اور بینک حکام کو بھی فیصلے سے آگاہ کیا جائے، عدالت کا حکم

کرپٹو کرنسی اور ٹریڈنگ میں شہریوں کو لوٹنے کے اسکینڈل میں ملزم کا بینک اکاؤنٹ منجمد کردیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق احتساب عدالت نے کرپٹو کرنسی، فاریکس ٹریڈنگ اور دیگر سرمایہ کاری کے نام پر سیکڑوں شہریوں سے کروڑوں روپے بٹورنے کے مقدمے میں مرکزی ملزم محمد نعمان کے بینک اکاؤنٹ کو منجمد کرنے کی توثیق کر دی ہے۔

احتساب عدالت کے جج محمد حامد مغل نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے ملزم محمد نعمان کی کمپنی "Grown Star (Private) Ltd" کے بینک اکاؤنٹ کو منجمد کرنے کا حکم برقرار رکھا۔ اسپیشل پراسیکیوٹر حبیب اللہ بیگ کے مطابق اس اکاؤنٹ میں غیر قانونی ذرائع سے حاصل کیے گئے تقریباً 22 لاکھ روپے موجود ہیں۔

پراسیکیوشن کے مطابق ملزم محمد نعمان نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر Prpal.com کے نام سے ایک آن لائن پلیٹ فارم قائم کیا، جس کے ذریعے کرپٹو کرنسی، فاریکس ٹریڈنگ اور تعمیراتی منصوبوں میں سرمایہ کاری کے جھوٹے دعوے کر کے 131 افراد سے مجموعی طور پر 602 ملین روپے وصول کیے۔

اسپیشل پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ اس سے قبل بھی احتساب عدالت ملزم کی جانب سے خریدی گئی 2 گاڑیاں منجمد کرنے کا حکم دے چکی ہے۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد بینک اکاؤنٹ منجمد رکھنے کی توثیق کرتے ہوئے ہدایت کی کہ فیصلے کی تشہیر اخبارات میں کی جائے اور متعلقہ بینک حکام کو بھی فیصلے سے آگاہ کیا جائے۔

Source: https://www.express.pk/story/2819424/cryptocurrency-and-trading-scam-involving-looting-citizens-accuseds-bank-account-frozen-2819424

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.