Native World News

دباؤ، دھمکیوں اور منفی پروپیگنڈے سے نہیں ڈریں گے، مومنہ اقبال کا دوٹوک مؤقف

دباؤ، دھمکیوں اور منفی پروپیگنڈے سے نہیں ڈریں گے، مومنہ اقبال کا دوٹوک مؤقف

مومنہ اقبال نے الزام عائد کیا کہ حقیقت کا سامنا کرنے کے بجائے پیسے دے کر مہمات چلائی جا رہی ہیں

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مومنہ اقبال نے کہا ہے کہ وہ اور ان کا خاندان کسی بھی دباؤ یا دھمکی کے آگے جھکنے والے نہیں اور اپنے مؤقف پر ڈٹے رہیں گے۔

مومنہ اقبال نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنی بہن رمشا اقبال کی میڈیا سے گفتگو شیئر کرتے ہوئے ایک جذباتی پیغام جاری کیا۔ انہوں نے لکھا کہ اب وہ صرف اپنے ذاتی معاملے کے لیے آواز نہیں اٹھا رہیں بلکہ ہر اس شخص کے لیے کھڑی ہیں جو ایسے حالات کا سامنا کرتا ہے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ بعض حلقوں کی جانب سے مختلف طریقوں سے دباؤ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے، تاہم وہ اپنی جدوجہد جاری رکھیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے وہ انتہائی تکلیف دہ اور مشکل مرحلہ ہے، لیکن اس کے باوجود انہیں خاموش نہیں کرایا جا سکتا۔

اپنے بیان میں مومنہ اقبال نے کسی کا نام لیے بغیر الزام عائد کیا کہ حقیقت کا سامنا کرنے کے بجائے پیسے دے کر مہمات چلائی جا رہی ہیں اور سوشل میڈیا پر مواد بنا کر معاملے کا رخ موڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جھوٹے قانونی اقدامات اور بے بنیاد کارروائیاں بند کی جائیں اور اصل حقائق پر توجہ دی جائے۔

دوسری جانب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رمشا اقبال نے دعویٰ کیا کہ انہیں اور ان کی بہن کو مسلسل خوفزدہ کرنے اور دھمکیاں دینے کی کوشش کی جا رہی ہے، جس کے باعث صورتحال مزید سنگین ہو گئی ہے۔

یاد رہے کہ اداکارہ مومنہ اقبال کو مبینہ طور پر ہراساں کیے جانے کے معاملے میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے ثاقب چدھڑ کے خلاف مقدمہ درج کر رکھا ہے۔

واضح رہے کہ حال ہی میں مومنہ اقبال کی حمزہ حبیب کے ساتھ شادی بھی خبروں کی زینت بنی تھی، جس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر وائرل ہوئی تھیں۔ تاہم اب اداکارہ ایک نئے تنازع اور قانونی معاملے کے باعث ایک بار پھر توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔

Source: https://www.express.pk/story/2817389/momina-iqbal-categorical-stance-we-will-not-be-afraid-of-pressure-threats-and-negative-propaganda-2817389

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.