30 سالہ رومینا پورموختاری نے دھواں دھار تقریر بھی کی اور ساتھ ساتھ ماں ہونے کی ذمہ داری بھی نبھائی
یورپی یونین کے وزرائے ماحولیات کے اجلاس میں اس بار تمام نظریں کسی سیاسی بحث پر نہیں بلکہ ایک تین ماہ کے ننھے مہمان پر مرکوز رہیں۔
سوئیڈن کی وزیر ماحولیات رومینا پورموختاری اپنے شیر خوار بیٹے ایڈم کو گود میں لے کر اجلاس میں شریک ہوئیں۔ دھواں دھار تقریر بھی کی اور ساتھ ساتھ ماں ہونے کی ذمہ داری بھی نبھائی۔
رومینا پورموختاری کے بقول وہ دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتی تھیں کہ والدین، خصوصاً خواتین، کو ایسے مواقع اور پالیسیاں ملنی چاہئیں جن کے باعث انہیں اپنے کیریئر اور خاندان میں سے کسی ایک کا انتخاب نہ کرنا پڑے۔
انھوں نے مزید کہا کہ خواتین بیک وقت کامیاب پیشہ ور ملازم اور اچھی ماں بن سکتی ہیں بشرطیکہ گھر میں ذمہ داریوں کی منصفانہ تقسیم ہو اور شریکِ حیات بھرپور تعاون کرے۔
یورپی یونین کونسل کے ایک عہدیدار کے مطابق دستیاب معلومات کے مطابق یہ پہلا موقع ہے کہ کسی شیر خوار بچے نے یورپی یونین کے وزارتی اجلاس میں شرکت کی ہے۔
قبل ازیں 30 سالہ رومینا پورموختاری نے 2022 میں سوئیڈن کی تاریخ کی کم عمر ترین وزیر بننے کا بھی اعزاز حاصل کیا تھا اور اب وہ اپنے شیر خوار بچے کے ساتھ جلاس میں شریک ہونے والی پہلی وزیر بھی بن گئیں۔
واضح رہے کہ سوئیڈن دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جہاں والدین کو تنخواہ کے ساتھ تقریباً ڈیڑھ سال تک مشترکہ والدین کی رخصت دی جاتی ہے جس میں 90 دن والد اور 90 دن والدہ کے لیے مخصوص ہوتے ہیں۔
Discussion
Sign in to join the thread, react, and share images.