Native World News

پاکستان جیسا منافع دنیا کی کسی اسٹاک ایکسچینج مارکیٹ میں نہیں ہے، وزیر خزانہ

پاکستان جیسا منافع دنیا کی کسی اسٹاک ایکسچینج مارکیٹ میں نہیں ہے، وزیر خزانہ

نئے مالی سال کے بجٹ نے پائیدار معاشی ترقی کے لیے سفر کی درست سمت کی نشاندہی کردی ہے، تقریب سے خطاب

وفاقی وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ پاکستان جیسا منافع دنیا کی کسی اسٹاک ایکسچینج مارکیٹ میں نہیں ہے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گونگ تقریب سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ بجٹ پیش ہوچکا ہے اور پارلیمنٹ میں اس پر بحث جاری ہے۔ بجٹ نے سفر کی درست سمت کی نشاندہی کر دی ہے کہ پائیدار معاشی ترقی کیسے ہو گی۔ بجٹ کے حوالے سے مثبت ردعمل آیا۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال میں مزید معاشی بہتری کی توقعات ہیں۔ پاکستان اسٹاک ایکس چینج کے ہال میں سرمایہ کاروں کا اعتماد گونج رہا ہے۔ سروس لانگ مارچ ٹائرز کا پروجیکٹ اس وقت پنپ رہا تھا جب دنیا بھر میں کورونا کے سبب معاشی دباؤ تھا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ وزیرِ اعظم کے چین کے دورے کے دوران سی پیک بی ٹو بی ہو گیا ہے۔ پاکستان اور چین کے درمیان بی ٹو بی تعلقات میں روز بروز بہتری آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جیسا منافع دنیا کے کسی ملک کی اسٹاک مارکیٹ میں نہیں ہے۔

محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ ایران امریکا جنگ بندی میں نمایاں کردار پاکستان کے لیے قابل فخر بات ہے۔ وزیرِ اعظم اور فیلڈ مارشل پر امریکا اور ایران کی قیادت نے اعتماد کیا۔ ایران امریکا جنگ بندی معاہدے پر آئندہ جمعہ کو دستخط ہوں گے۔ گزشتہ 3 ماہ سے پاکستان اس معاہدے کی تگ دو کر رہا تھا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو پاکستان اسٹاک ایکسچینج فرخ سبزواری   نے کہا کہ معاشی دباؤ کے باوجود وزیر خزانہ نے ایک مثبت بجٹ پیش کیا ہے، جس میں سپر ٹیکس کے خاتمے کے ساتھ دیگر کئی ریلیف دیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ کے بیان ’تیل کو بہنے دو‘ نے عالمی منڈیوں میں تبدیلی رونما کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کمپنی کی لسٹنگ سے چینی سرمایہ کاروں اور باہمی شراکتی کاروباروں کے لیے نئی راہیں کھلیں گی۔ رواں سال پی ایس ایکس میں جین زی کی جانب سے متعدد نئے اکاؤنٹس کھلوائے گئے ہیں۔

دریں اثنا سروس لانگ مارچ کے سی ای او عمر سعید  نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں بہت کم ایسی کمپنیاں ہیں جو خاندانی اقدار اور پیشہ ورانہ مہارت کو اس کامیابی سے یکجا کر پاتی ہیں۔ سروس گروپ کی کمپنیوں کی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مجموعی مارکیٹ کیپ 1ارب ڈالر سے تجاوز کرگئی ہے۔ سروس انڈسٹریز، ایس ایل ایم اور سروس گلوبل کی مشترکہ مارکیٹ کیپ ایک ارب ڈالر سے کہیں زیادہ ہو چکی ہے۔ سروس گروپ پاکستان کے کاروباری شعبے میں نئی مثالیں قائم کرتے ہوئے ترقی کی منازل طے کر رہا ہے۔

Source: https://www.express.pk/story/2817568/no-stock-exchange-in-the-world-has-profits-like-pakistan-says-finance-minister-2817568

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.