Native World News

آم کھانے کے بعد ایک ہی خاندان کی دوسری لڑکی بھی دم توڑ گئی، واقعے کی تحقیقات جاری

آم کھانے کے بعد ایک ہی خاندان کی دوسری لڑکی بھی دم توڑ گئی، واقعے کی تحقیقات جاری

والدین نے اپنی چاروں بیٹیوں کے ساتھ آم کھائے تھے، جس کے بعد بڑی بیٹی کی موت ہوگئی تھی

بھارت کی ریاست تلنگانہ میں آم کھانے کے بعد بیمار ہونے والے ایک ہی خاندان پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا، جہاں چند روز قبل 17 سالہ لڑکی کی موت کے بعد اب اس کی کم عمر بہن بھی جان کی بازی ہار گئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حیدر آباد میں 10 سالہ سندھیا دورانِ علاج اسپتال میں انتقال کر گئی۔ اس سے قبل اسی خاندان کی 17 سالہ بیٹی بھونیشوری کی موت کی خبر سامنے آئی تھی، جس کے بعد یہ واقعہ مزید تشویش کا باعث بن گیا ہے۔

پولیس کے مطابق وائجناتھ اور اندومتی نامی میاں بیوی کے گھر ان کی رشتے دار رینوکا ملاقات کے لیے آئی تھیں۔ راستے میں انہوں نے آم خریدے جنہیں گھر پہنچ کر والدین اور ان کی چاروں بیٹیوں نے مل کر کھایا۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق اتوار کی شام آم کھانے کے کچھ دیر بعد خاندان کے تمام افراد کی طبیعت بگڑ گئی اور انہیں الٹیوں کی شکایت ہونے لگی۔ صورتحال خراب ہونے پر تمام افراد کو فوری طور پر ایک نجی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں علاج کے دوران پہلے بھونیشوری انتقال کر گئی جبکہ سندھیا کی حالت بدستور نازک رہی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ والدین اور دیگر دو بیٹیوں کی حالت میں بہتری آ چکی ہے، تاہم سندھیا زندگی کی جنگ نہ جیت سکی اور آج دم توڑ گئی۔

حکام کے مطابق تفتیش جاری ہے اور یہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ خاندان کے افراد کی حالت آم کھانے کے بعد کیوں خراب ہوئی۔ اس حوالے سے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ واقعے کی اصل وجہ سامنے لائی جا سکے۔

واضح رہے کہ بھارت میں اس سے قبل بھی پھل کھانے کے بعد اموات کے واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں، جن میں تربوز کھانے سے ہونے والی ہلاکتیں بھی شامل ہیں۔

Source: https://www.express.pk/story/2817222/another-girl-from-the-same-family-also-died-after-eating-mango-2817222/

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.