Native World News

گلگت بلتستان میں حکومت سازی، پیپلزپارٹی کے امکانات روشن

گلگت بلتستان میں حکومت سازی،  پیپلزپارٹی کے امکانات روشن

غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی 10 نشستوں کے ساتھ سب سے آگے ہے

گلگت بلتستان میں حکومت سازی کے عمل نے اہم موڑ اختیار کر لیا ہے جہاں وفاقی حکومت کی بڑی جماعتوں کے درمیان ابتدائی سیاسی ہم آہنگی سامنے آئی ہے۔

ذرائع کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے درمیان رابطہ ہوا جس میں گلگت بلتستان کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

گفتگو کے دوران اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ اسمبلی میں سب سے زیادہ نشستیں حاصل کرنے والی جماعت کو حکومت سازی کا موقع دیا جانا چاہیے۔

دونوں رہنماؤں نے اس اصولی مؤقف پر رضامندی ظاہر کی کہ سنگل لارجسٹ پارٹی کو حکومت بنانے کا حق ملنا چاہیے جس کے بعد پیپلزپارٹی کی پوزیشن مزید مضبوط دکھائی دے رہی ہے۔

گلگت بلتستان انتخابات: پیپلز پارٹی 9 نشستوں پر کامیاب، آزاد امیدوار 6، ن لیگ کی تین نشستیں

پیپلزپارٹی کےلامحدود مالی وسائل کےمقابلے میں فنڈر نہ ہونے کے باعث ن لیگ گلگت میں پیچھے رہی، سعد رفیق

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں گلگت بلتستان کے آئندہ سیاسی معاملات اور باہمی تعاون کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، اور اس بات پر آمادگی ظاہر کی گئی کہ اہم امور میں سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کے ساتھ مشاورت کا عمل جاری رکھیں گی۔

اس سے قبل بھی سیاسی ماحول میں نرمی کے اشارے دیکھنے میں آئے تھے جب اعلیٰ سطح پر ایک دوسرے کو انتخابی نتائج پر مبارکباد دی گئی۔ اس دوران ہلکے پھلکے انداز میں ہونے والی گفتگو نے ماحول کو مزید خوشگوار بنا دیا۔

گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی 10 نشستوں کے ساتھ سب سے آگے ہے آزاد امیدوار 7 نشستیں حاصل کر چکے ہیں جبکہ مسلم لیگ (ن) 6 نشستوں کے ساتھ موجود ہے۔

24 رکنی ایوان میں حکومت سازی کے لیے 13 نشستوں کی ضرورت ہے جس کے باعث آئندہ دنوں میں آزاد ارکان کا کردار فیصلہ کن قرار دیا جا رہا ہے اور سیاسی جوڑ توڑ کا سلسلہ مزید تیز ہونے کا امکان ہے۔

Source: https://www.express.pk/story/2816787/ppps-prospects-for-forming-government-in-gilgit-baltistan-are-bright-2816787

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.