Native World News

خیبرپختونخوا، ناراض ارکان ڈٹ گئے، حکومت نے بجٹ منظور کرانے کی حکمت عملی تیار کر لی

خیبرپختونخوا، ناراض ارکان ڈٹ گئے، حکومت نے بجٹ منظور کرانے کی حکمت عملی تیار کر لی

یہ کوئی فارورڈ بلاک نہیں بلکہ صرف تحفظات رکھنے والا گروپ ہے، مشتاق غنی

خیبرپختونخوا میں حکومتی اتحاد کے اندر اختلافات مزید گہرے ہو گئے ہیں جہاں ناراض ارکان اور حکومت کے درمیان ڈیڈ لاک برقرار ہے اور بجٹ منظوری کا معاملہ پیچیدہ صورت اختیار کر گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت نے بجٹ کی منظوری کے لیے ناراض ارکان سے مفاہمت کے بغیر ہی آگے بڑھنے کی حکمت عملی تیار کر لی ہے جبکہ اپوزیشن جماعتوں سے بھی رابطے کر کے حمایت حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

اطلاعات کے مطابق جے یو آئی اور پیپلز پارٹی کی جانب سے بجٹ کی منظوری کے عمل میں خاموش حمایت کی یقین دہانی کرائی گئی ہے تاہم حکومتی جماعت کے اندر ناراض گروپ اپنے مؤقف پر قائم ہے۔

ناراض ارکان کا کہنا ہے کہ وہ بانی چیئرمین کی مشاورت کے بغیر بجٹ کی حمایت نہیں کریں گے۔ اسی حوالے سے تحریک انصاف کی قیادت نے ناراض ارکان کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ بھی کیا ہے۔

خیبرپختونخوا اسمبلی میں پی ٹی آئی کے ناراض اراکین نے صوبائی حکومت اور قیادت پر سوالات اٹھا دیے

پارٹی رہنماؤں کے مطابق بجٹ کی مخالفت کرنے والے ارکان کو پارٹی پالیسی سے منحرف تصور کیا جا سکتا ہے جبکہ بعض رہنماؤں نے واضح کیا ہے کہ تمام فیصلے مشاورت سے کیے جائیں گے۔

ناراض گروپ کے رکن مشتاق غنی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ یہ کوئی فارورڈ بلاک نہیں بلکہ صرف تحفظات رکھنے والا گروپ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی چیئرمین کی رہائی کے لیے آواز اٹھانا اب ان کے لیے جرم بنا دیا گیا ہے۔

ادھر پارٹی اعلامیے میں ہدایت کی گئی ہے کہ میڈیا میں پارٹی اختلافات کو بڑھاوا دینے والے ارکان سے مذاکرات عارضی طور پر روک دیے گئے ہیں اور ہدایت کی گئی ہے کہ پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کرنے والوں کو کسی قسم کی پذیرائی نہ دی جائے۔

Source: https://www.express.pk/story/2816958/political-crisis-in-khyber-pakhtunkhwa-intensifies-angry-members-stand-firm-budget-approval-doubtful-2816958

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.