Native World News

خاتون کو گینگ ریپ کا نشانہ بنانے والے ملزم کی ضمانت مسترد

خاتون کو گینگ ریپ کا نشانہ بنانے والے ملزم کی ضمانت مسترد

10 افراد نے خاتون کے ساتھ زیادتی کی، متاثرہ نے فون پر لوکیشن بھی بھجوائی، پولیس نے 6 افراد کو حراست میں لے لیا

لاہور ہائیکورٹ میں گینگ ریپ کے ملزم کی بعد از گرفتاری درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے ملزم محمد احمد کی درخواست ضمانت خارج کر دی۔

جسٹس طارق سلیم شیخ نے درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ وکیل ملزم نے مؤقف اپنایا کہ ملزم پر ابھی تک کوئی جرم ثابت نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بے گناہ شخص کو قید میں رکھنا آئین پاکستان کی خلاف ورزی ہے۔

وکیل کے مطابق کیس میں دیگر دو ہمراہی ملزمان کی ضمانت منظور ہو چکی ہے، لہٰذا عدالت ملزم کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم دے۔

دوسری جانب وکیل مدعی نے مؤقف اپنایا کہ ان کی بیٹی کو جاننے والے دانیال نے رات گئے ستیانہ روڈ فیصل آباد بلایا۔ ستیانہ روڈ پر پہلے سے موجود گاڑی میں چھ ملزمان موجود تھے، جہاں سے ان کی بیٹی کو اغوا کر کے نامعلوم مقام پر لے جایا گیا۔

وکیل مدعی کے مطابق اس مقام پر پہلے سے چار افراد موجود تھے اور مجموعی طور پر دس افراد نے زیادتی کا ارتکاب کیا۔ متاثرہ نے واقعے کی تفصیل بتائی اور فون پر لوکیشن بھی بھجوائی۔ پولیس نے موقع سے چھ افراد کو حراست میں لے لیا۔

وکیل مدعی نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم کسی رعایت کا مستحق نہیں، لہٰذا درخواست ضمانت خارج کی جائے۔

Source: https://www.express.pk/story/2812982/bail-denied-to-accused-of-gang-raping-woman-2812982

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.