Native World News

امریکا کو اپنے فضائی اڈے ایران پر حملوں کیلیے نہیں دیے؛ اٹلی نے یقین دہانی کرادی

امریکا کو اپنے فضائی اڈے ایران پر حملوں کیلیے نہیں دیے؛ اٹلی نے یقین دہانی کرادی

ایرانی وزیر خارجہ نے ٹیلی فون پر اپنے اطالوی ہم منصب سے تفصیلی گفتگو کی

اٹلی نے ایران کو ایک بار پھر یقین دہانی کرائی ہے کہ اس نے امریکا کو ایران کے خلاف کسی بھی فوجی کارروائی کے لیے اپنے فضائی اڈے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ یقین دہانی اطالوی وزیر خارجہ انتونیو تاجانی نے اپنے ایرانی ہم منصب عباس عراقچی سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران کرائی۔

اطالوی وزیر خارجہ انتونیو تاجانی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ انھوں نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے تفصیلی گفتگو کی ہے۔

جس میں واضح کیا گیا ہے کہ اٹلی نے کبھی کسی فوجی کارروائی میں حصہ نہیں لیا اور نہ ہی امریکا کو ایران کے خلاف جنگی کارروائیوں کے لیے اپنے فوجی اڈے استعمال کرنے کی اجازت دی۔

انھوں نے مزید کہا کہ اٹلی نے امریکا کے ساتھ موجود دفاعی معاہدوں کا مکمل احترام کرتے ہوئے بھی ایران کے خلاف کسی جنگی مشن کی منظوری نہیں دی۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایک روز قبل نیٹو کے سیکریٹری جنرل مارک روٹے کے اس بیان پر اٹلی میں سیاسی تنازع کھڑا ہو گیا تھا۔

جس میں انھوں نے اشارہ دیا تھا کہ امریکی کارروائیوں میں اٹلی کے فوجی اڈے استعمال ہوئے۔ اس بیان کے بعد اطالوی حکومت کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

وزیراعظم جورجیا میلونی پہلے ہی واضح کر چکی تھیں کہ اٹلی کے فضائی اڈے ایران کے خلاف براہِ راست فوجی کارروائیوں کے لیے استعمال نہیں کیے گئے۔

ان کے مؤقف کی تائید کرتے ہوئے اطالوی وزیر دفاع گوئیڈو کروسیٹو نے بھی کہا تھا کہ امریکی افواج نے اگر اطالوی تنصیبات سے کوئی سہولت حاصل کی تو وہ صرف تکنیکی اور لاجسٹک معاونت تک محدود تھی۔

دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے حالیہ کشیدگی کے تناظر میں مختلف یورپی ممالک سے سفارتی رابطے تیز کر دیے ہیں تاکہ خطے میں پیدا ہونے والی صورتحال اور امریکا و اسرائیل کی کارروائیوں پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔

Source: https://www.express.pk/story/2819237/italy-denies-us-used-airbases-for-attacks-in-call-with-irans-araghchi-2819237

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.