Native World News

شہری پرندے مردوں کے مقابلے خواتین سے زیادہ خوفزدہ ہوتے ہیں، تحقیق میں انکشاف

شہری پرندے مردوں کے مقابلے خواتین سے زیادہ خوفزدہ ہوتے ہیں، تحقیق میں انکشاف

مشاہدے میں دیکھا گیا کہ جب خواتین پرندوں کے قریب آئیں تو وہ نسبتاً جلد خوفزدہ ہو کر اُڑ گئے

ایک نئی سائنسی تحقیق میں یہ دلچسپ بات سامنے آئی ہے کہ شہری علاقوں میں رہنے والے پرندے انسانوں کی جنس میں فرق کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور وہ خواتین کے مقابلے میں مختلف انداز میں ردِعمل ظاہر کرتے ہیں۔

یہ تحقیق دسمبر 2025ء میں شائع ہونے والے سائنسی جریدے “پیپل اینڈ نیچر” میں پیش کی گئی، جس میں یورپ کے پانچ ممالک کے شہری علاقوں میں پائے جانے والے 37 اقسام کے پرندوں کا مشاہدہ کیا گیا۔ ماہرین نے خاص طور پر یہ جاننے کی کوشش کی کہ انسانوں کے قریب آنے پر پرندوں کا رویہ کس طرح تبدیل ہوتا ہے۔

تحقیق کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ پرندے صرف انسانوں کی موجودگی ہی محسوس نہیں کرتے بلکہ وہ مرد اور خواتین میں بھی واضح فرق کر لیتے ہیں۔ مشاہدے میں دیکھا گیا کہ جب خواتین پرندوں کے قریب آئیں تو وہ نسبتاً جلد خوفزدہ ہو کر اُڑ گئے، جبکہ مردوں کی موجودگی میں وہ کچھ دیر تک اپنی جگہ پر پُرسکون رہے۔

ماہرین نے اس فاصلے کا بھی جائزہ لیا جس پر پرندے خود کو غیر محفوظ محسوس کرتے ہیں۔ نتائج کے مطابق مرد حضرات اوسطاً تقریباً ایک میٹر زیادہ قریب آ سکتے تھے بغیر اس کے کہ پرندے فوری طور پر اُڑ جائیں۔

تحقیق سے وابستہ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ رویہ پرندوں کی ذہانت اور ماحول کے مطابق خود کو ڈھالنے کی صلاحیت کو ظاہر کرتا ہے، تاہم اس کی حتمی سائنسی وجہ ابھی واضح نہیں ہو سکی۔

اس حوالے سے ماہرین کے مطابق ممکن ہے کہ پرندے انسانی حرکات، آواز یا جسمانی انداز میں فرق کو محسوس کرتے ہوں، تاہم اس پہلو کو سمجھنے کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔

Source: https://www.express.pk/story/2813166/urban-birds-are-more-afraid-of-women-than-men-study-reveals-2813166

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.