سیاسی قوتیں بیٹھیں، اسٹیبلشمنٹ کے نمائندوں کو بھی ساتھ بٹھائیں اور رولز آف گیمز کا تعین کر لیا جائے، علی محمد خان
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی علی محمد خان نے سب بیٹھ کر رولز آف گیمز کا تعین کریں تو میثاق جمہوریت ہوسکتا ہے۔رہنما پی ٹی آئی علی محمد خان نے پروگرام سینٹر اسٹیج میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے میثاق جمہوریت کی پیشکش سے متعلق کہا ہے کہ میثاق جمہوریت ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں کہتا ہوں کہ سیاسی قوتیں بیٹھیں اور گفتگو کریں، میں تو اس سے آگے کہتا ہوں کہ سیاسی جماعتیں پھر اسٹیبلشمنٹ نمائندوں کو بھی ساتھ بٹھائیں، رولز آف گیمز کا تعین کر لیا جائے، اور یہ طے کر لیں کہ اس سے آگے نہیں جانا۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیوں ناں یہ طے کر لیا جائے تاکہ روز روز نئے تنازع پیدا نہ ہوں؟۔
انہوں نے کہا کہ حکومت میں رانا ثنا اللہ، پرویز اشرف، احسن اقبال جیسے لوگ سنجیدہ لوگ ہیں، وہ بیٹھیں، وزیر اعظم کی جانب سے بار بار آفر آ رہی ہے، ہمیں محمود خان پر اچکزئی پر اعتماد ہے، ہم نے اجلاس میں اس کی توثیق کی کہ ہم اچکزئی صاحب کو سپورٹ کریں گے۔
علی محمد خان نے کہا کہ جو جو حلقے کھولنے ہیں کھول لیں،2013 ، 2018 اور 2023 کے انتخابات کھول لیں، میں تو کہتا ہوں کہ پہلے میرا حلقہ کھول لیں ، لیکن یہ حل نہیں ہے۔
علی محمد خان کا کہنا تھا کہ پارٹی میں انتظامی عہدوں پر بیٹھے لوگ پارٹی کے مسئلوں کو حل کریں اور 24 گھنٹے میں مسئلہ حل ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اوپر بیٹھے ہوئے لوگوں میں بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے حوالے سے سینس آف ارجنسی نظر نہیں آتی۔
ان کا کہنا تھا کہ میں تو کہتا ہوں کہ آگے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا راستہ نکالیں، جیل کی مشکلات بیان کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جیل کی گرمی جہنم کی گرمی جیسی ہوتی ہے یہ گھر کی گرمی جیسی نہیں ہوتی۔
Discussion
Sign in to join the thread, react, and share images.