Native World News

معاہدے پر دستخط ہوتے ہی ایران کو تیل و گیس کی فروخت کی اجازت مل جائیگی؛ امریکی رپورٹ

معاہدے پر دستخط ہوتے ہی ایران کو تیل و گیس کی فروخت کی اجازت مل جائیگی؛ امریکی رپورٹ

اگر ایسا ہوجاتا ہے تو یہ گزشتہ کئی برسوں میں ایران کو ملنے والی سب سے بڑی اقتصادی رعایت ہوگی

امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب ممکنہ طور پر 19 جون بروز جمعے کو سوئٹزرلینڈ کے صحت افزا پہاڑی علاقے میں قائم خوبصورت ہوٹل میں ہوگی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق تاحال امریکا اور ایران کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے طے پانے والے مفاہمتی معاہدے کی باضابطہ تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں لیکن کچھ مستند مندرجات زیر گردش ہیں۔

اس حوالے سے امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے ایک خصوصی رپورٹ شائع کی ہے جس میں معاہدے سے واقف ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکا ایران کے تیل کی فروخت پر عائد اہم پابندیوں میں فوری نرمی دینے پر آمادہ ہو گیا۔

وال اسٹریٹ جنرل کی رپورٹ کے مطابق معاہدے پر دستخط ہوتے ہی ایران کو اپنا تیل دنیا کے کسی بھی ملک کو فروخت کرنے کی فوری اجازت مل جائے گی جس سے تیل قیمتوں میں مزید کمی ممکن ہے۔

ذرائع کے مطابق مجوزہ انتظام کے تحت ایران نہ صرف خام تیل اور دیگر ایندھن عالمی منڈیوں میں فروخت کر سکے گا بلکہ ان فروختوں کو ممکن بنانے کے لیے بینکاری، نقل و حمل اور انشورنس سے متعلق خدمات پر عائد امریکی پابندیوں میں بھی چھوٹ دی جائے گی۔

تا حال امریکا اور ایران کی جانب سے وال اسٹریٹ جنرل کی رپورٹ پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔ البتہ اگر ایسا ہوجاتا ہے تو یہ گزشتہ کئی برسوں میں ایران کو ملنے والی سب سے بڑی اقتصادی رعایت ہوگی۔

طویل عرصے امریکی پابندیوں کے باعث ایران کی تیل برآمدات، بین الاقوامی مالیاتی لین دین اور شپنگ سیکٹر شدید متاثر رہے ہیں۔ پابندیوں میں نرمی سے ایران کو اربوں ڈالر کی اضافی آمدنی حاصل ہو سکتی ہے۔

واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان معاہدے کی خبروں کے بعد آج ہی عالمی منڈی میں برینٹ کروڈ کی قیمت 80 ڈالر فی بیرل سے نیچے آ چکی ہے۔

Source: https://www.express.pk/story/2817827/wsj-report-claim-iran-get-immediate-permit-to-sale-its-petrol-immediately-2817827/

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.