Native World News

لاہور؛ نوکری کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورنے والا گروہ گرفتار

لاہور؛ نوکری کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورنے والا گروہ گرفتار

اسلام آباد کے شہری نے ڈی آئی جی آپریشنز کی کھلی کچہری کے دوران فراڈ اور رقم ہتھیانے کی درخواست دی تھی، پولیس

لاہور پولیس نے شہری کی شکایت پر کارروائی کرکے سرکاری نوکری کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے وصول کرنے والے ملزمان کا گروہ گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق اسلام آباد کے شہری نے ڈی آئی جی آپریشنز کی کھلی کچہری میں فراڈ اور رقم ہتھیانے کی درخواست دی تھی، جس پر کارروائی کی گئی اور ملزمان گرفتار ہوئے۔

ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز نے بتایا کہ ملزمان نے سرکاری نوکری دلوانے کا جھانسہ دے کر شہری سے لاکھوں روپے وصول کیے تھے، ڈی آئی جی آپریشنز کے احکامات پر ایس ڈی پی او رائیونڈ اور ایس ایچ او سندر نے فوری انکوائری شروع کی۔

ان کا کہنا تھا کہ بینک اکاؤنٹس، ہیومن انٹیلیجنس اور تکنیکی شواہد کی مدد سے ملزمان تک رسائی کی گئی، ملزمان ذوالفقار، رفیق احمد اور مخدوم صابر کو چند گھنٹوں میں ٹریس کر کے گرفتار کر لیا گیا۔

ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز نے بتایا کہ کارروائی کے دوران 10 لاکھ روپے سے زائد رقم برآمد کر کے متاثرہ شہری کے حوالے کر دی گئی اور  ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

متاثرہ شہری نے بروقت داد رسی پر ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران اور لاہور پولیس کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ کھلی کچہری میں بغیر سفارش فوری انصاف ملا، کھلی کچہری شہریوں کو بلاامتیاز اور بروقت انصاف کی فراہمی کا مؤثر پلیٹ فارم بن چکی ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے شاباش دی اور کہا کہ شہریوں کے مسائل کا فوری ازالہ اور انصاف کی فراہمی لاہور پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

Source: https://www.express.pk/story/2813248/lahore-fake-job-offer-gang-arrested-2813248/

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.