Native World News

گلشن اقبال سے اسلحے کے زور پر شہری اغوا، سگے بھائیوں کیخلاف مقدمہ درج

گلشن اقبال سے اسلحے کے زور پر شہری اغوا، سگے بھائیوں کیخلاف مقدمہ درج

پولیس نے ایف سی ایریا سے واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی برآمد کرلی

کراچی کے علاقے عزیز بھٹی پولیس نے شہری کے اغوا میں ملوث کار سوار 2 بھائیوں سمیت دیگر خلاف مقدمہ درج کر کے واردات میں استعمال کی جانے والی کار اور موٹر سائیکل برآمد کرلی۔

ملزمان کی جانب سے شہری کو اغوا کرنے کی موبائل فون سے بنائی گئی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، پولیس ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے جبکہ مغوی شخص کا بھی تاحال کچھ پتہ نہیں چل سکا۔

تفصیلات کے مطابق منگل کی شب سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں سفید رنگ کی کار سوار افراد ایک شہری کو وفاقی اردو یونیورسٹی کے قریب سے وہاں موجود افراد کے درمیان سے اسلحے کے زور پر پر اغوا کرتے ہوئے لیجاتے ہوئے دکھائی دیئے۔

اس حوالے سے ایس ایچ او عزیز بھٹی انصر بٹ نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے چھان بین شروع کر دی بعدازاں پولیس نے بذریعہ سرکار ذریعہ اے ایس آئی حنیف خانزادہ کی مدعیت میں مقدمہ نمبر 394 سال 2026 بجرم دفعہ 365 چونتیس کے تحت درج کرلیا۔

انھوں ںے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق سفید رنگ کی ٹویوٹا کرولا کار اور بغیر نمبر پلیٹ کی 125 موٹر سائیکل سوار ملزمان نے نوید پاشا نامی شخص کو اسلحے کے زور پر اغوا کیا تھا جس کی چھان بین میں معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ کار سبحان نامی ٹرانسپورٹر کی ملکیت ہے جسے آن لائن بائیک سروس کے اسٹاف کو لانے لیجانے کے لیے کرایے پر دی ہوئی تھی جسے ڈرائیور ارسلان الیاس چلاتا تھا جو کہ ایف سی ایریا لیاقت آباد کا رہائشی ہے جس نے اپنے بھائی عدنان الیاس اور دیگر کے ہمراہ نوید پاشا نامی شخص کو اسلحے کے زور پر اغوا کیا۔

پولیس کے مطابق مغوی اور ملزمان کے درمیان کسی لین دین کا تنازعہ و جھگڑا تھا تاہم پولیس نے ایف سی ایریا میں چھاپہ مار کر واردات میں استعمال کی جانے والی کار اور موٹر سائیکل کو اپنے قبضے مین لیکر عزیز بھٹی تھانے منتقل کر دیا جبکہ واردات میں ملوث ملزمان کی تلاش میں پولیس چھاپے مار ہی ہے۔

انصر بٹ نے بتایا کہ مغوی نوید پاشا کا بھی کچھ سراغ نہیں مل سکا جبکہ اس کے کسی ورثا نے اب تک پولیس سے کوئی رابطہ نہیں کیا تاہم پولیس مغوی کی بازیابی اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں کر رہی ہے ۔

Source: https://www.express.pk/story/2818017/citizen-kidnapped-at-gunpoint-from-gulshan-e-iqbal-case-registered-against-brothers-2818017/

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.