Native World News

وفاقی آئینی عدالت کا بڑا فیصلہ؛ نگراں دور حکومت میں کی گئی بھرتیاں خلافِ قانون قرار

وفاقی آئینی عدالت کا بڑا فیصلہ؛ نگراں دور حکومت میں کی گئی بھرتیاں خلافِ قانون قرار

عدالت نے ملازمین کی برطرفی کے لیے بنائے گئے قانون کو آئین کے مطابق قرار دے دیا ہے

وفاقی آئینی عدالت نے نگراں دورِ حکومت میں کی گئی بھرتیوں کو خلافِ قانون قرار دے دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی آئینی عدالت نے نگراں حکومتوں کے اختیارات سے متعلق اہم فیصلہ جاری کرتے ہوئے نگران دور میں کی گئی بھرتیوں کو خلاف قانون قرار دے دیا، جبکہ ملازمین کی برطرفی کے لیے بنائے گئے قانون کو آئین کے مطابق قرار دے دیا ہے۔

جسٹس حسن اظہر رضوی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کیس کا تحریری فیصلہ جاری کیا، جس میں  کہا گیا ہے کہ نگراں حکومتوں کا بنیادی کام صرف روزمرہ کے امور سرانجام دینا ہوتا ہے اور وہ ایسے فیصلے نہیں کر سکتیں جو مستقل نوعیت کے ہوں۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ نگران حکومت کبھی بھی منتخب حکومت کے مساوی اختیارات کی حامل نہیں ہوتی اور اس کا ہر اقدام الیکشن کمیشن کی پیشگی منظوری سے مشروط ہوتا ہے۔ فیصلے میں مزید کہا گیا کہ سرکاری ملازمین کی بھرتیاں مستقل نوعیت کا عمل ہیں، اس لیے انہیں عارضی یا روزمرہ امور کا حصہ قرار نہیں دیا جا سکتا۔

وفاقی آئینی عدالت نے قرار دیا کہ جنوری 2023 سے فروری 2024 کے دوران نگران حکومت کی جانب سے کی گئی بھرتیاں قانون کے مطابق نہیں تھیں۔ فیصلے میں یہ بھی کہا گیا کہ خیبرپختونخوا ملازمین برطرفی ایکٹ 2025 بنیادی حقوق کے خلاف نہیں ہے۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ اگر کسی قانون سے چند افراد متاثر ہوتے ہیں تو صرف اسی بنیاد پر اسے بنیادی حقوق کے منافی قرار نہیں دیا جا سکتا۔ فیصلے کے مطابق خیبرپختونخوا اسمبلی انتخابات کے نتیجے میں وجود میں آئی اور اسے قانون سازی کا مکمل آئینی اختیار حاصل ہے۔

وفاقی آئینی عدالت نے برطرف ملازمین کی جانب سے دائر اپیلیں بھی مسترد کر دیں۔

یہ مقدمہ ان ملازمین کی جانب سے دائر کیا گیا تھا جنہیں خیبرپختونخوا کی نگران حکومت نے درجہ چہارم کی مستقل آسامیوں پر بھرتی کیا تھا۔ عام انتخابات کے بعد قائم ہونے والی پی ٹی آئی حکومت نے نگران دور میں بھرتی کیے گئے ان ملازمین کو برطرف کر دیا تھا، جس کے بعد متاثرہ ملازمین نے اپنی برطرفی اور اس مقصد کے لیے بنائے گئے قانون کو عدالت میں چیلنج کیا تھا۔

Source: https://www.express.pk/story/2816857/major-decision-of-the-federal-constitutional-court-appointments-made-during-the-caretaker-government-declared-illegal-2816857

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.