Native World News

حکومت کا سرکاری ملازمین کو ایڈہاک ریلیف ضم کرکے نیا پے اسکیل جاری کرنے کا فیصلہ

حکومت کا سرکاری ملازمین کو ایڈہاک ریلیف ضم کرکے نیا پے اسکیل جاری کرنے کا فیصلہ

ذرائع کے مطابق ایڈہاک ریلیف الاؤنس 2022 اور 2025 کو مشروط طور پر بنیادی تنخواہ میں ضم کیا جا سکتا ہے

وفاقی حکومت نے مالی سال 27-2026 کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کو ملنے والے ایڈہاک ریلیف الاؤنس 2022 اور ایڈہاک ریلیف الاؤنس 2025 کو مشروط طور پر بنیادی تنخواہ میں ضم کرکے نظر ثانی شدہ پے اسکیل جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کو وزارت خزانہ کے سینئر افسر نے بتایا کہ بجٹ 27-2026 کے تحت وفاقی سرکاری ملازمین، مسلح افواج کے اہلکاروں اور پنشنرز کے لیے متعدد ریلیف اقدامات تجویز کیے ہیں جنہیں یکم جولائی 2026 سے نافذ کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مجوزہ اقدامات کے مطابق نئے پے اسکیلز 2026 متعارف کرانے کی تجویز زیر غور ہے جس میں ایڈہاک ریلیف الاؤنس 2022 اور ایڈہاک ریلیف الاؤنس 2025 کو بنیادی تنخواہ میں ضم کیا جا سکتا ہے بشرطیکہ مقررہ شرائط پوری ہوں اس کے علاوہ تمام وفاقی سرکاری ملازمین کو موجودہ بنیادی تنخواہ پر 7 فیصد ایڈہاک ریلیف الاؤنس دینے کی سفارش کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق ڈسپیریٹی ریڈکشن الاؤنس 2026 بنیادی تنخواہ کے 15 فیصد کے حساب سے ان ملازمین کے لیے توسیع دینے کی تجویز ہے جو پہلے سے یہ الاؤنس وصول کر رہے ہیں اسی طرح کنوینس الاؤنس میں موجودہ شرح کے 50 فیصد کے برابر اضافہ کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔

افسر کا کہنا تھا کہ سول آرمڈ فورسز کے لیے کانسٹنٹ اٹینڈنٹ الاؤنس 7 ہزار روپے سے بڑھا کر 30 ہزار روپے ماہانہ کرنے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ پاکستان کوسٹ گارڈز کے لیے اسپیشل ایریا کمپنسیٹری الاوٴنس (ایس اے سی اے) بی پی ایس 2015 کی بنیادی تنخواہ کے 10 فیصد کے مساوی دینے اور 1994 سے منجمد 40 فیصد الاؤنس ختم کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ ڈپارٹمنٹ کے ملازمین کو 30 جون 2026 کی بنیادی تنخواہ پر 100 فیصد IMPAS الاؤنس دینے کی تجویز شامل ہے جو مقررہ شرائط کے مطابق منجمد رہے گا، اسی طرح ایگزیکٹو الاؤنس کا حساب پے اسکیلز 2022 کے مطابق کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے،کابینہ ڈویژن کے کیبنٹ اور کیبنٹ کمیٹیز ونگز کے افسران اور عملے کے لیے اسپیشل پے 6 ہزار روپے سے بڑھا کر 20 ہزار روپے ماہانہ کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

بجٹ تجاویز کے مطابق نیکٹا اور این آئی ایف ٹی اے سی کے ملازمین کو 30 جون 2025 کی بنیادی تنخواہ کا 150 فیصد اسپیشل الاؤنس دینے کی سفارش کی گئی ہے جبکہ اس کے لیے 100 فیصد رسک الاؤنس ختم کیا جائے گا اور ایگزیکٹیو الاؤنس بھی فوری طور پر بند کر دیا جائے گا۔

اسی طرح فرنٹیئر کانسٹیبلری میں تعینات پی ایس پی افسران کو 30 جون 2025 کی بنیادی تنخواہ کا 150 فیصد عارضی الاؤنس دینے کی تجویز دی گئی ہے تاہم اس کے لیے ایف سی الاؤنس ختم کیا جائے گا اور یہ انتظام تمام سول آرمڈ فورسز کی تنخواہوں اور الاؤنسز پر نظرثانی تک برقرار رہے گا۔

بجٹ میں نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس کے گریڈ ایک سے 22 تک کے ملازمین کے لیے موجودہ اسپیشل الاؤنس کو 10 فیصد سے بڑھا کر 30 جون 2025 کی بنیادی تنخواہ کا 50 فیصد کرنے کی سفارش کی گئی ہے جو منجمد رہے گا اسی طرح نیشنل پولیس اکیڈمی میں تعینات افسران کو 30 جون 2025 کی بنیادی تنخواہ کا 50 فیصد اسپیشل این پی اے الاؤنس دینے کی تجویز بھی شامل ہے جبکہ اسپیشل کنوینس الاؤنس 6 ہزار روپے سے بڑھا کر 10 ہزار روپے ماہانہ کرنے کی سفارش کی گئی ہے اور پنشنرز کے لیے بھی ریلیف تجویز کیا گیا ہے۔

Source: https://www.express.pk/story/2817274/govt-public-employee-new-pay-scale-proposed-2817274/

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.