Native World News

کراچی پورٹ نے 8 سال بعد 2 ہزار جہازوں کی آمد کا سنگ میل عبور کرلیا

کراچی پورٹ نے 8 سال بعد 2 ہزار جہازوں کی آمد کا سنگ میل عبور کرلیا

کراچی پورٹ پر جہازوں کی آمد میں گزشتہ سال کے مقابلے 7.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، وفاقی وزیر بحری امور

کراچی پورٹ نے 8 سال کے بعد 2 ہزار جہازوں کی آمد کا سنگ میل عبور کرلیا۔

وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے کراچی پورٹ کی ایک اور بڑی کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ کراچی پورٹ نے 8 سال بعد 2 ہزار جہازوں کی آمد کا سنگ میل عبور کر لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک سال کے دوران کراچی پورٹ پر مجموعی طور پر 2 ہزار 3 جہاز لنگر انداز ہوئے، جو بندرگاہ کی سرگرمیوں میں نمایاں اضافے کی عکاسی کرتا ہے۔

جنید انوار چوہدری نے کہا کہ کراچی پورٹ پر جہازوں کی آمد میں گزشتہ سال کے مقابلے 7.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بندرگاہ پر آنے والے جہازوں کا مجموعی ٹنیج 8 کروڑ 44 لاکھ ٹن سے تجاوز کر گیا، جبکہ گراس رجسٹرڈ ٹنیج میں بھی 3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر بحری امور کا کہنا تھا کہ بحری تجارت میں یہ اضافہ ملکی معیشت کے لیے ایک مثبت اشارہ ہے اور اس سے تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کی عکاسی ہوتی ہے۔

انہوں نے کراچی پورٹ کی کارکردگی کو بحری شعبے کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔

دوسری جانب چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ شاہد احد نے اس کامیابی کو شپنگ سرگرمیوں اور آپریشنل کارکردگی میں بہتری کا نتیجہ قرار دیا۔  انہوں نے کہا کہ بہتر انتظامی اقدامات اور بندرگاہی آپریشنز میں بہتری کے باعث کراچی پورٹ یہ تاریخی کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔

شاہد احد نے مزید کہا کہ 1887 میں قائم ہونے والا کراچی پورٹ آج بھی ملک کا سب سے اہم بحری تجارتی گیٹ وے ہے اور قومی و بین الاقوامی تجارتی سرگرمیوں میں مرکزی کردار ادا کر رہا ہے۔

Source: https://www.express.pk/story/2817556/karachi-port-crosses-milestone-of-2000-ship-arrivals-after-8-years-2817556

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.