عمران عباس نے مختلف ویڈیوز اور تصاویر شیئر کی ہیں جن میں انہیں کربلا کے مقدس مقامات کا دورہ کرتے دیکھا جاسکتا ہے
پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار عمران عباس نے 9 محرم الحرام کے موقع پر عراق کے مقدس شہر کربلا سے اپنی روحانی حاضری کی جھلکیاں سوشل میڈیا پر شیئر کر کے مداحوں کو جذباتی کردیا۔ اداکار ان دنوں محرم 2026 کی مناسبت سے عراق میں موجود ہیں، جہاں وہ مذہبی اجتماعات اور زیارات میں شرکت کر رہے ہیں۔
عمران عباس نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر مختلف ویڈیوز اور تصاویر شیئر کیں، جن میں انہیں کربلا کی سبیلوں میں شریک ہوتے، مقدس مقامات کی زیارت کرتے اور تاریخی مقامات کا دورہ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کربلا کے عجائب گھر کی بھی سیر کی، جہاں موجود تاریخی و مذہبی نوادرات کی جھلک اپنے مداحوں کو بھی دکھائی۔
اداکار نے اپنی پوسٹس میں ایک نایاب منظر بھی شیئر کیا، جس میں حضرت امام زین العابدینؑ سے منسوب قرآنِ مجید کے تاریخی نسخے کی زیارت کرائی گئی۔ عمران عباس نے اپنی روحانی کیفیت کے لمحات مداحوں کے ساتھ بانٹتے ہوئے کوشش کی کہ جو لوگ کربلا نہیں پہنچ سکے، وہ بھی ان کی ویڈیوز کے ذریعے اس مقدس فضا کو محسوس کر سکیں۔
عمران عباس کی ان ویڈیوز اور تصاویر کو سوشل میڈیا پر غیر معمولی پذیرائی مل رہی ہے۔ مداحوں نے ان کی پوسٹس پر ’ماشاء اللہ‘، ’قبول ہو‘ اور ’ہمیں بھی زیارت کرا دی‘ جیسے تبصرے کرتے ہوئے ان کے اس روحانی سفر کو سراہا۔ کئی صارفین کا کہنا تھا کہ اداکار نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے ہزاروں لوگوں کو کربلا کے مقدس مناظر سے روشناس کرایا، جس پر وہ ان کے شکر گزار ہیں۔
Discussion
Sign in to join the thread, react, and share images.