سڑک کے ساتھ جدید اسٹورم واٹر ڈرینج سسٹم اور سیوریج لائن بھی بچھائی جا رہی ہے
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے رات گئے شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کرتے ہوئے ضلع کورنگی میں کورنگی کریک اور ابراہیم حیدری کو ملانے والی ناصر جمپ تا مہرانسا روڈ پر جاری تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا۔
دورے کے دوران محکمہ انجینئرنگ کے حکام نے میئر کراچی کو منصوبے کی پیش رفت اور تکنیکی امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔
حکام کے مطابق محکمہ لوکل گورنمنٹ اور کلک پراجیکٹ کے تعاون سے 1800 میٹر طویل سڑک کی ازسرِنو تعمیر کی جا رہی ہے جس کے ساتھ جدید اسٹورم واٹر ڈرینج سسٹم اور سیوریج لائن بھی بچھائی جا رہی ہے۔
میئر کراچی کو بتایا گیا کہ علاقے میں سیوریج اور برساتی پانی کے مسائل کے مستقل حل کے لیے 36 انچ قطر کی اسٹورم واٹر ڈرین لائن اور 18 انچ سیوریج لائن کی تنصیب کا کام تیزی سے جاری ہے جس سے مقامی آبادی کو درپیش دیرینہ مسائل میں نمایاں کمی آئے گی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی میں جاری ترقیاتی کام خود ان کی رفتار اور معیار کی گواہی دے رہے ہیں اور شہریوں کے لیے امید کی نئی کرن بن رہے ہیں۔
کراچی میں کام صرف دعووں پر نہیں، عملی طور پر ہو رہا ہے، مرتضیٰ وہاب
کراچی سے متعلق مرتضیٰ وہاب کے بیان پر طلحہ انجم کا کرارا جواب
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی کارکردگی نے مخالفین اور منفی پروپیگنڈا کرنے والوں کو پریشان کر دیا ہے۔
میئر کراچی کا کہنا تھا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں کراچی بہتر انفراسٹرکچر اور شہری سہولیات کی فراہمی کی جانب تیزی سے گامزن ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور شہر کی ترقی کے لیے دن رات کام جاری رکھا جائے گا۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ایک جانب شہر کی خدمت کا عمل جاری ہے جبکہ دوسری جانب مخالفین محض تنقید اور الزامات تک محدود ہیں تاہم عوام ترقیاتی کاموں کے نتائج خود اپنی آنکھوں سے دیکھ رہے ہیں۔
Discussion
Sign in to join the thread, react, and share images.