Native World News

ایران کیخلاف مجھے سخت نہ سمجھنے والے حاسد یا بیوقوف ہیں، ٹرمپ مخالفین پر برس پڑے

ایران کیخلاف مجھے سخت نہ سمجھنے والے حاسد یا بیوقوف ہیں، ٹرمپ مخالفین پر برس پڑے

صدر ٹرمپ کے تازہ بیان نے ایک بار پھر امریکا میں ایران پالیسی پر جاری سیاسی بحث کو مزید تیز کر دیا ہے

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے حوالے سے اپنی پالیسی پر تنقید کرنے والوں کو سخت الفاظ میں جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ جو لوگ سمجھتے ہیں کہ وہ ایران کے خلاف کافی سخت مؤقف اختیار نہیں کر رہے، وہ یا تو حسد کا شکار ہیں، بدنیت ہیں یا پھر بے وقوف ہیں۔

صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ بعض لوگ یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ انہوں نے ایران کے معاملے میں سختی کا مظاہرہ نہیں کیا، حالانکہ اسی دوران امریکی اسٹاک مارکیٹ نئی ریکارڈ سطح پر پہنچ چکی ہے اور تیل کی قیمتیں مسلسل نیچے آ رہی ہیں۔

ٹرمپ نے اپنے پیغام میں لکھا کہ ’یہ احمق لوگ، جو سمجھتے ہیں کہ میں ایران کے خلاف کافی سخت نہیں رہا، جبکہ اسٹاک مارکیٹ نئی ریکارڈ بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے اور تیل کی قیمتیں تیزی سے گر رہی ہیں، یا تو حسد کرتے ہیں، برے لوگ ہیں یا پھر بے وقوف ہیں۔‘

امریکی صدر کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ان کی انتظامیہ ایران کے ساتھ حالیہ سفارتی پیش رفت اور معاہدوں کے باعث ملکی اور بین الاقوامی سطح پر مختلف قسم کی تنقید اور حمایت کا سامنا کر رہی ہے۔

سیاسی مبصرین کے مطابق ٹرمپ اپنے ناقدین کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ان کی ایران پالیسی کے نتیجے میں نہ صرف مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں کمی آئی ہے بلکہ عالمی توانائی کی منڈیوں اور امریکی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔

دوسری جانب ناقدین کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ حالیہ معاہدوں اور مذاکرات کے طویل المدتی نتائج کا جائزہ لینا ابھی باقی ہے اور مستقبل میں ان کے حقیقی اثرات زیادہ واضح ہو سکیں گے۔

صدر ٹرمپ کے تازہ بیان نے ایک بار پھر امریکا میں ایران پالیسی پر جاری سیاسی بحث کو مزید تیز کر دیا ہے۔

Source: https://www.express.pk/story/2818094/trump-hits-back-at-critics-over-iran-policy-2818094/

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.