Native World News

میکسیکو؛ ورلڈ کپ میں فتح کا جشن منانے والوں پر کار چڑھ دوڑی

میکسیکو؛ ورلڈ کپ میں فتح کا جشن منانے والوں پر کار چڑھ دوڑی

واقعے میں ڈرائیور سمیت 17 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق، پولیس نے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا

میکسیکو میں ایک کار  فیفا ورلڈ کپ میں فتح کا جشن منانے والوں پر چڑھ دوڑی۔

عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق میکسیکو کے سیاحتی مقام کابو سان لوکاس میں ورلڈ کپ فٹ بال میں میکسیکو کی چیک جمہوریہ کے خلاف کامیابی کے جشن کے دوران ایک گاڑی ہجوم پر چڑھ گئی، جس کے نتیجے میں 17 افراد زخمی ہو گئے۔

ڈرائیور کو گرفتار کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے مقامی حکام نے بتایا کہ بدھ کی شب پیش آنے والے اس واقعے میں ایک درجن سے زائد افراد زخمی ہوئے، جو میکسیکو کی فتح کا جشن منانے کے لیے سڑکوں پر موجود تھے۔

حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ گاڑی کو لوگوں کے ایک ہجوم نے گھیر رکھا تھا، جس کے بعد نامعلوم وجوہات کی بنا پر ڈرائیور نے گاڑی ہجوم پر چڑھا دی، جس سے متعدد افراد زخمی ہوئے۔

بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ کل 17 افراد کو طبی امداد فراہم کی گئی، جن میں وہ ڈرائیور بھی شامل ہے جسے پولیس نے بعد ازاں حراست میں لیا۔

واقعے سے متعلق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک سیاہ رنگ کی گاڑی کو میکسیکو کی شرٹس پہنے مداحوں نے گھیر رکھا ہے، جس کے فوراً بعد گاڑی اچانک تیزی سے آگے بڑھتی ہے اور لوگوں کو ٹکر مارتی ہوئی سڑک پر لگی حفاظتی رکاوٹوں سے جا ٹکراتی ہے۔

دیگر ویڈیوز میں مشتعل ہجوم کو ڈرائیور کو گاڑی سے باہر نکال کر تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے بھی دیکھا گیا، جبکہ متعدد زخمی افراد سڑک پر پڑے دیکھے جا سکتے ہیں۔

لوس کابوس کے قائم مقام میئر ہوزے مینوئل لارومبے نے واقعے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ واقعے کی تحقیقات کے حوالے سے عوام کو باخبر رکھا جائے گا۔

Source: https://www.express.pk/story/2819335/mexico-car-plows-into-crowd-celebrating-world-cup-victory-2819335/

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.