بجلی کی بندش والے علاقوں میں ڈسپوزل اسٹیشن کو جنریٹرز پر چلانے کی ہدایات دی گئی ہی، ایم ڈی واسا
لاہور بھر میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جہاں لیسکو کے 124 فیڈرز ٹرپ کر گئے ہیں اور علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے متعدد پروازیں تاخیر کا شکار ہوگئیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کے علاقے جیل روڈ پر 1.75 ملی میٹر، ہیڈ آفس گلبرگ 1.6، لکشمی چوک 5.6، اپر مال 1.8، تاجپورہ 3.8، نشتر ٹاون 2.4، چوک نا خدا 2.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
اسی طرح پانی والا تالاب 5، فرخ آباد 4.6، گلشن راوی 5، اقبال ٹاون 0.4، جوہر ٹاون 1.4، شادی پورہ 4.4، سگیاں 8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، لاہور میں سب سے زیادہ بارش 8 ملی میٹرسگیاں میں ریکارڈ کی گئی۔
ایم ڈی واسا غفران احمد کا کہنا تھا کہ وہ نکاسی آب آپریشن کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر لاہورکیپٹن (ر) محمد اعجاز نے بھی واسا کو شہرمیں بارش کے پانی کے انخلا کے لیے ہدایت جاری کی جبکہ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹے میں بارش کا امکان نہیں، موسم خشک اور گرم رہے گا۔
ترجمان سنٹرل ریجن کے مطابق موٹروے ایم 2 پر ٹھوکر، بابو صابو سے شیخوپورہ تک بارش اور تیزہوا ہے، ایسٹرن بائی پاس سے کامونکی تک، موٹروے ایم 11 پر کامونکی سے سمبڑیال تک موسلادھار بارش ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ موٹروے ایم 3 پر مرید والا سے درخانہ تک، قومی شاہراہ سینٹرل زون میں ٹھوکر، مانگا منڈی پتوکی اور اوکاڑہ میں طوفان اور بارش ہوئی۔
ترجمان سنٹرل ریجن نے بتایا کہ ساہیوال، ہڑپہ چیچہ وطنی اور میاں چنوں میں آندھی اور طوفان ہے۔
شہریوں سے انہوں نے کہا کہ بارش کے دوران حدِ رفتار کم رکھیں اور غیر ضروری اوورٹیکنگ سے گریز کریں، وائپرز درست رکھیں، پھسلن والی سڑک پر انتہائی محتاط ڈرائیونگ کریں اور اپنی گاڑی کے آگے مناسب فاصلہ رکھیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ایم ڈی واسا غفران احمد نے لاہور کی مرکزی شاہراہوں اور انڈر پاسز کو کلیئر رکھنے کی ہدایات کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ تمام افسران اور عملہ فیلڈ میں متحرک رہیں۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کی بندش والے علاقوں میں ڈسپوزل اسٹیشن کو جنریٹرز پر چلانے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
پی ڈی ایم اے کی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی
پی ڈی ایم اے پنجاب کی جانب سے جاری الرٹ میں بتایا گیا کہ بارش برسانے والا سسٹم پنجاب میں داخل ہوگیا ہے لہٰذا شہری احتیاط کریں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ پنجاب کے بالائی و وسطی علاقوں میں 04 سے 06 گھنٹوں میں تیز ہوائیں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، لاہور، ملتان، بہاولپور اور راولپنڈی سمیت کئی شہروں میں ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ڈی جی خان، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، جہلم میں اگلے چند گھنٹوں میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے عوام کو خراب موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر جاوید نے متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ واسا ایمرجنسی سروسز اور دیگر ریسکیو ادارے الرٹ رہیں۔
انہوں نے کہا کہ نشیبی علاقوں سے نکاسی آب کے لیے پیشگی انتظامات مکمل کریں اور شہری بجلی کی تاروں اور کھمبوں سے دور رہیں۔
ترجمان لیسکو نے بتایا کہ لیسکو ریجن کے مختلف علاقوں میں تیز آندھی اور موسلادھار بارش کے نتیجے میں بجلی کی طلب 3860 میگاواٹ اور فراہمی 3900میگاواٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بارش کے باعث لیسکو کے 124 فیڈرز اور لاہور کے مختلف علاقوں میں 38 فیڈرز ٹرپ کر گئے تاہم بارش رکتے ہی فیڈرز کی بحالی کا کام شروع کر دیا جائے گا۔
ترجمان نے بتایا کہ بجلی معطل ہونے کی صورت میں لیسکو کو مطلع کرکے عملے کے آنے کا انتظار کریں اور کسی بھی ہنگامی صورت حال میں اپنے متعلقہ علاقے کے کمپلینٹ آفس سے فوری رابطہ کریں یا 118 پر اطلاع دیں۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینئر رمضان بٹ نے بتایا کہ موسم کی خرابی کے پیش نظر لیسکو انتظامیہ کی صارفین سے تعاون کی اپیل ہے، دوران بارش اپنے بچوں اور پالتو جانوروں کو بجلی کی تنصیبات سے دور رکھیں۔
پروازیں تاخیر کا شکار
لاہور موسم کی خرابی کے باعث علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اندرون اور بیرون ممالک جانے والی 4 پروازیں تاخیر کا شکار ہوگئیں۔
تاخیر کا شکار ہونے والی پروازوں میں پی آئی اے کی جدہ جانے والی پرواز، ائیر بلیو کی کراچی، سعودی ائیر لائن کی جدہ اور فلائی دبئی کی دبئی جانے والی پرواز شامل ہےْ
ایئرپورٹ ذرائع نے بتایا کہ موسم بہتر ہوتے ہوئے پروازیں روانہ ہو جائیں گی۔
Discussion
Sign in to join the thread, react, and share images.