جمعیت علمائے اسلام کے امیدوار دو حلقوں کے بدلے پی پی پی کے امیدواروں کے حق میں مہم چلائیں گے، مولانا سعید یوسف
پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) اور جمعیت علمائے اسلام پاکستان نے آزاد کشمیر میں سیاسی اتحاد کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست کے اندر مل کر انتخابات لڑیں گے اور مختلف حلقوں میں ایک دوسرے کی حمایت کریں گے۔
پی پی پی آزادکشمیر کے صدر چوہدری محمد یاسین نے جمعیت علمائے اسلام آزادکشمیر کے امیر مولانا سعید یوسف کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج آزادکشمیر کی سیاست میں تاریخی دن ہے، پیپلزپارٹی آزاد کشمیر میں جمعیت علمائے اسلام سے سیاسی اتحاد کرنے جا رہی ہے اور ہم مل کر ریاست کے اندر انتخبات لڑیں گے۔
چوہدری یاسین نے کہا کہ ایل اے-14 دھیر کوٹ اور ایل اے-23 سے مولانا سعید یوسف ہمارے امیدوار ہوں گے۔
جمعیت علمائے اسلام آزاد کشمیر کے امیر مولانا سعید یوسف نے کہا کہ آزادکشمیر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ جے یو آئی اور پی پی پی کا سیاسی اتحاد ہو رہا ہے اور ان دو حلقوں میں پیپلزپارٹی ہماری حمایت کرے گی اور ان کے امیدوار ان دو حلقوں سے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لیں گے اور دیگر حلقوں سے جے یو آئی کے امیدوار پیپلزپارٹی کے امیدواروں کے حق میں سیاسی مہم چلائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جے یو آئی پیپلزپارٹی کے امیدواروں کی بھرپور جمایت کرے گی۔
مولانا سعید یوسف نے کہا کہ ہمارا یہ اتحاد ریاست کے لیے خیر کا باعث بنے گا، پیپلزپارٹی کی امیدوار نبیلہ نے جے یو آئی کے حق میں دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا ہے، میں بلاول بھٹو اور پیپلپزپارٹی اور ان کے امیدواروں کا شکرگزار ہوں جو اس اتحاد میں دستبردار پوئے ہیں۔
آزادکشمیر میں پلندری سے پی پی پی امیدوار نبیلہ ایوب نے اس موقع پر کہا کہ میں علاقے میں خود کو مضبوط امیدوار سمجھتی ہوں لیکن پارٹی فیصلے کو قبول کرتی ہوں اور مولانا سعید یوسف کے حق میں دستبردار ہو رہی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میں حلقے میں مولانا سعید یوسف کو انتخابات میں تعاون کروں گی۔
Discussion
Sign in to join the thread, react, and share images.