Native World News

پنجاب کے بعد سندھ میں بھی کاروباری اوقات کی پابندی ختم کرنے کا اعلان

پنجاب کے بعد سندھ میں بھی کاروباری اوقات کی پابندی ختم کرنے کا اعلان

فیصلے کا اطلاق صوبے بھر کی مارکیٹوں، شاپنگ مالز، ہوٹلز، کھانے پینے کی دکانوں اور شادی ہالز پر ہوگا

کراچی: پنجاب کے بعد سندھ حکومت نے بھی کاروباری اوقات کی پابندی ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

فیصلے کا اطلاق صوبے بھر کی مارکیٹوں، شاپنگ مالز، ہوٹلز، کھانے  پینے کی دکانوں اور شادی ہالز پر ہوگا، صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن کے مطابق کاروباری مراکز اب پابندیوں کے بغیر معمول کے مطابق اپنے اوقاتِ کار جاری رکھ سکیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ مارکیٹس، ریسٹورنٹس اور شادی ہالز کے لیے مخصوص اوقات دراصل توانائی کے تحفظ اور کفایت شعاری پالیسی کے تحت مقرر کیے گئے تھے تاہم تاجروں اور صنعتکاروں کی تجاویز اور مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس فیصلے پر نظرثانی کی گئی۔

شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کاروباری سرگرمیوں کے فروغ، شہری سہولت اور معیشت کے استحکام پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ہمیشہ مشاورت، عوامی مفاد اور زمینی حقائق کو سامنے رکھ کر فیصلے کرتی ہے تاکہ کسی بھی طبقے کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تاجر برادری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور حکومت ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود عوام اور کاروباری طبقے کے مفادات کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

صوبائی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی ایسے فیصلے کیے جائیں گے جو معیشت، روزگار اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ میں مددگار ثابت ہوں گے۔

Source: https://www.express.pk/story/2813306/sindh-govt-eases-business-hours-restrictions-2813306/

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.