وین موڑ کاٹتے ہوئے نالے میں جا گری، جس کے فوراً بعد گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی
راولپنڈی میں مری ایکسپریس وے پر کھجٹ کے قریب ہائی ایس وین کے افسوسناک حادثے میں 10 افراد جاں بحق جبکہ 13 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق وین موڑ کاٹتے ہوئے نالے میں جا گری، جس کے فوراً بعد گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی۔ حادثے کے نتیجے میں وین اس پوزیشن میں جا گری کہ اس کے دروازے کھولنا ممکن نہیں رہا۔
پولیس کے مطابق جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو فوری طور پر پمز اسپتال اسلام آباد منتقل کر دیا گیا ہے۔ ریسکیو 1122 اور موٹروے پولیس کی بھاری نفری موقع پر موجود ہے اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
ترجمان کے مطابق حادثے کا شکار افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا جو ملتان سے مری کی طرف جا رہے تھے۔ گاڑی میں زیادہ تعداد بچوں کی تھی جن کی تعداد 10 بتائی گئی ہے۔
ریسکیو اور امدادی اداروں نے فوری طور پر کارروائیاں شروع کر دی ہیں جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات بھی جاری ہیں۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس کی بھاری نفری اور مری انتظامیہ موقع پر پہنچ گئی جبکہ ریسکیو 1122 کی ٹیمیں بھی امدادی کارروائیوں میں مصروف رہیں۔
ریسکیو 1122 کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے اور مزید تفصیلات اور مصدقہ معلومات جلد جاری کی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مری ایکسپریس وے پر گاڑی میں آگ لگنے کے افسوسناک واقعے میں شہریوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہوئے واقعے کا فوری نوٹس لے لیا اور متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ریسکیو اور انتظامی ادارے متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن معاونت فراہم کریں اور واقعے کی وجوہات کا تعین کر کے جامع رپورٹ پیش کی جائے۔
مریم نواز نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کے غم میں حکومت برابر کی شریک ہے اور عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔
Discussion
Sign in to join the thread, react, and share images.