Native World News

لبنان میں حزب اللہ کا اسرائیلی فوج کے ٹینک پر حملہ؛ بٹالین کمانڈر سمیت 4 اہلکار ہلاک

لبنان میں حزب اللہ کا اسرائیلی فوج کے ٹینک پر حملہ؛ بٹالین کمانڈر سمیت 4 اہلکار ہلاک

حزب اللہ کے ایک اور حملے میں اسرائیلی فوج کے 5 اہلکار زخمی ہوگئے جن میں سے ایک کی حالت نازک ہے

لبنان کے جنوبی علاقے کفر تبنیت میں جاری جھڑپوں کے دوران حزب اللہ نے جوابی حملے میں اسرائیلی فوج کے ایک ٹینک کو دھماکے سے اُڑا دیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ترجمان اسرائیلی فوج نے بتایا کہ حزب اللہ کے حملے میں ٹینک تباہ ہوگیا اور اس میں موجود بٹالین کمانڈر سمیت 4 فوجی مارے گئے۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں 32 سالہ لیفٹیننٹ کرنل ڈور گیدیلیا بین سیمہون بھی شامل ہیں، جو 401ویں آرمرڈ بریگیڈ کی 52ویں بٹالین کے کمانڈر تھے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اس حملے کی نوعیت کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ دیگر تین فوجیوں کے نام بعد میں جاری کیے جائیں گے۔ ان کے اہل خانہ کی اجازت کا انتظار ہے۔

ترجمان اسرائیلی فوج نے مزید بتایا کہ اسی علاقے میں اس حملے کے چند گھنٹے بعد ہی حزب اللہ کے ایک اور ڈرون حملے میں 5 اسرائیلی فوجی زخمی ہوگئے جن میں ایک ریزرو افسر کی حالت تشویشناک ہے۔

دوسری جانب لبنان کی وزارتِ صحت کے بیان میں کہا گیا ہے کہ جمعہ کی صبح سے اسرائیلی فضائی حملوں میں کم از کم 18 افراد جاں بحق اور 33 زخمی ہوگئے ہیں حالانکہ امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی معاہدہ بھی ہوچکا ہے۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے جنوبی اور مشرقی لبنان میں حزب اللہ کے 80 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا اور متعدد جنگجوؤں کو ہلاک کیا جبکہ حزب اللہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ جنوبی لبنان میں اپنی پوزیشنوں کا دفاع جاری رکھے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی اسرائیلی فوج کی ایک گاڑی حزب اللہ کے زیر زمین بچھائے گئے بارودی سرنگ کی زد میں آنے سے تباہ ہوگئی تھی جس میں ایک اہلکار ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے تھے۔

Source: https://www.express.pk/story/2818282/hezbollah-attack-on-israeli-tank-in-lebanon-killed-4-including-battalion-commander-2818282/

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.