Native World News

مادہ گوریلا سے لڑائی کے بعد خیالوں میں کھویا گوریلا سوشل میڈیا پر وائرل

مادہ گوریلا سے لڑائی کے بعد خیالوں میں کھویا گوریلا سوشل میڈیا پر وائرل

کیوماسا کی یہ مختصر سی ویڈیو اب دنیا بھر میں لاکھوں افراد دیکھ چکے ہیں

جاپان کے ایک چڑیا گھر میں رہنے والا 13 سالہ گوریلا ’’کیوماسا‘‘ ان دنوں سوشل میڈیا پر غیرمعمولی توجہ حاصل کر رہا ہے، لیکن وجہ اس کی طاقت یا شرارت نہیں بلکہ اس کا ایسا انداز ہے جسے دیکھ کر ہزاروں صارفین اپنی زندگی کے قصوں سے جوڑنے لگے ہیں۔

وائرل ہونے والی ویڈیو میں کیوماسا کو اپنی ٹولی سے الگ تھلگ ایک کونے میں خاموش بیٹھے دیکھا جاسکتا ہے۔ وہ دور خلا میں نظریں جمائے اس انداز میں بیٹھا ہے جیسے کسی گہری سوچ میں گم ہو۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس منظر سے کچھ دیر پہلے ایک مادہ گوریلا کے ساتھ اس کی مختصر جھڑپ ہوئی تھی اور اسے دوڑتے ہوئے بھی دیکھا گیا تھا۔

اگرچہ اصل جھگڑے کی ویڈیو زیادہ توجہ حاصل نہ کرسکی، لیکن اس کے بعد کا منظر انٹرنیٹ پر چھا گیا۔ ویڈیو دیکھنے والے صارفین نے گوریلے کے تاثرات کو انسانی جذبات سے جوڑتے ہوئے مزاحیہ تبصرے شروع کر دیے۔ کئی لوگوں نے کہا کہ کیوماسا بالکل ایسے بیٹھا ہے جیسے کوئی شخص کسی بحث یا ناراضی کے بعد اپنی زندگی کے فیصلوں پر نظرثانی کر رہا ہو۔

سوشل میڈیا پر بعض صارفین نے مذاقاً لکھا کہ شاید گوریلا اپنی کسی غلطی پر غور کر رہا ہے، جبکہ کچھ نے کہا کہ اس کی کیفیت ہر اس شخص جیسی ہے جو کسی جھگڑے کے بعد خاموشی سے بیٹھ کر سوچتا رہتا ہے کہ آخر غلطی کہاں ہوئی۔ ویڈیو پر آنے والے تبصروں نے اسے مزید مقبول بنا دیا۔

ماہرین کے مطابق گوریلوں کی سماجی زندگی کافی پیچیدہ ہوتی ہے اور وہ اپنے گروہ کے اندر مختلف قسم کے تعلقات، تنازعات اور مفاہمت کے مراحل سے گزرتے ہیں۔ چڑیا گھروں میں رہنے والے گوریلوں کے رویوں کا مشاہدہ کرنے سے ان کی سماجی ساخت اور باہمی تعلقات کے بارے میں دلچسپ معلومات سامنے آتی رہتی ہیں۔

کیوماسا کی یہ مختصر سی ویڈیو اب دنیا بھر میں لاکھوں افراد دیکھ چکے ہیں۔ اگرچہ حقیقت میں یہ کہنا ممکن نہیں کہ گوریلا کیا سوچ رہا تھا، لیکن اس کے سنجیدہ انداز نے لوگوں کو خوب محظوظ کیا اور وہ انٹرنیٹ کی نئی ’’سیلبریٹی‘‘ بن گیا۔ بعض صارفین تو یہاں تک کہہ رہے ہیں کہ کیوماسا کے لیے الگ سے ریئلٹی شو بنایا جانا چاہیے کیونکہ اس کی خاموشی بھی پوری کہانی سنا رہی ہے۔

Source: https://www.express.pk/story/2816914/gorilla-lost-in-thought-after-fight-with-female-gorilla-goes-viral-on-social-media-2816914/

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.