Native World News

ارجنٹائنی فٹبالر وینزویلا زلزلے میں خاندان سے محروم، اہلیہ اور بچوں کی لاشیں برآمد

ارجنٹائنی فٹبالر وینزویلا زلزلے میں خاندان سے محروم، اہلیہ اور بچوں کی لاشیں برآمد

فٹبالر لوکاس تریجو کے خاندان کی لاشیں 74 گھنٹے کی مسلسل تلاش کے بعد ملبے سے برآمد ہوئیں

وینزویلا میں آنے والے طاقتور زلزلوں نے ارجنٹائن کے فٹبالر لوکاس تریجو کو اپنے خاندان سے محروم کر دیا، 74 گھنٹے تک جاری رہنے والے سرچ آپریشن کے بعد ان کی اہلیہ یانینا مارانیلا اور دونوں کمسن بچوں آرون اور آئنہوا کی لاشیں ملبے سے برآمد کر لی گئیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق 38 سالہ دفاعی کھلاڑی لوکاس تریجو زلزلے کے وقت دارالحکومت کراکس میں اپنی کلب ٹیم کے ساتھ لیگ میچ کی تیاری میں مصروف تھے جبکہ ان کا خاندان پلایا گرانڈے میں واقع اس رہائشی عمارت میں موجود تھا جو بدھ کے روز آنے والے دو شدید زلزلوں کے باعث منہدم ہوگئی۔

رابطہ منقطع ہونے کے بعد لوکاس تریجو نے سوشل میڈیا پر مدد کی اپیل کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ان کی عمارت گر چکی ہے، انہیں اپنے خاندان کے بارے میں کچھ معلوم نہیں، دعا کریں کہ فیملی صحیح سلامت ہو۔

تاہم ہفتے کی رات ریسکیو اہلکاروں نے ان کی اہلیہ اور دونوں بچوں کی لاشیں ملبے سے نکال لیں جس کے بعد ان کے کلب ڈیپورٹیوو لا گوائرا نے سوشل میڈیا پر خاندان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

ایک اور سابق کلب ماریتیمو لا گوائرا نے بھی تعزیتی بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ 74 گھنٹے کی مسلسل تلاش کے بعد فٹبالر کے اہل خانہ مردہ حالت میں ملے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق لوکاس تریجو کے والد اور بھائی بھی ارجنٹائن سے وینزویلا پہنچے تھے تاکہ تلاش میں حصہ لے سکیں۔

افسوسناک واقعے سے چند گھنٹے قبل لوکاس نے سوشل میڈیا پر اپنی اہلیہ اور بچوں کے ساتھ ایک خاندانی تصویر بھی شیئر کی تھی، اس امید کے ساتھ کہ شاید وہ زندہ مل جائیں۔

واضح رہے کہ وینزویلا میں آنے والے 7.2 اور 7.5 شدت کے دو طاقتور زلزلوں سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق تقریباً 67 لاکھ 60 ہزار افراد اس آفت سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد تقریباً 1500 تک پہنچ چکی ہے اور لاپتا افراد کی تلاش تاحال جاری ہے۔

Source: https://www.express.pk/story/2819633/argentine-footballer-loses-family-in-venezuela-earthquake-bodies-of-wife-and-children-recovered-from-rubble-2819633

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.