Native World News

میڈیا کو درپیش مالی مشکلات کے حل کیلئے حکومت اور تمام سٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنا ہوگا،وزیراطلاعات

میڈیا کو درپیش مالی مشکلات کے حل کیلئے حکومت اور تمام سٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنا ہوگا،وزیراطلاعات

الیکٹرانک میڈیا قومی مفاد، عوامی آگاہی اور جمہوری عمل میں اہم کردار ادا کر رہا ہے

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا ء اللہ تارڑ نے الیکٹرانک میڈیا کی مضبوطی اور میڈیا ورکرز کے تحفظ کو قومی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیا انڈسٹری کو درپیش مالی مشکلات کے حل کے لیے حکومت اور تمام سٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنا ہوگا۔قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا کہ الیکٹرانک میڈیا قومی مفاد، عوامی آگاہی اور جمہوری عمل میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، اس لیے اس کی بقا اور استحکام کے لیے مشترکہ اقدامات ناگزیر ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومتی اشتہارات چینلز کی ریٹنگ کے مطابق دیے جاتے ہیں اور ٹاپ، مڈ اور تھرڈ ٹیئر چینلز کو اسی بنیاد پر فنڈز فراہم کیے جاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق دور میں ٹی وی چینلز کے اشتہاری ریٹس میں کمی کے منفی اثرات سامنے آئے جبکہ پولیو، انسداد دہشت گردی، موسمیاتی تبدیلی اور ڈیجیٹل والٹ سمیت عوامی آگاہی مہمات چلانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ الیکٹرانک میڈیا کو پیمرا، ایف بی آر اور دیگر ریگولیٹری اداروں کو جوابدہ ہونا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک میڈیا ٹاک شوز اور خبروں میں اپوزیشن کو بھی حکومت کے برابر موقع دیا جاتا ہے۔وزیر اطلاعات نے بتایا کہ ڈیجیٹل میڈیا پالیسی تاحال مکمل طور پر منظور نہیں ہوئی جبکہ حکومتی مہمات کے لیے پی آر فرمز کے ذریعے الگ طریقہ کار اختیار کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ فیفا ورلڈ کپ میں پاکستان خصوصاً سیالکوٹ میں تیار کردہ فٹبال کا استعمال باعث فخر ہے اور محدود وسائل کے باوجود پی ٹی وی سپورٹس نے ورلڈ کپ کے نشریاتی حقوق حاصل کیے تاکہ نوجوانوں کو عالمی کھیلوں کی نشریات تک رسائی فراہم کی جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی وی کو اس وقت کسی مالی بحران کا سامنا نہیں ہے۔عطا تارڑ نے واضح کہا کہ بطور وزیر اطلاعات وہ بونس یا اعزازیہ کے حق میں نہیں، کیونکہ یہ عوام کا پیسہ ہے، تاہم اگر پی ٹی وی میں افسران کو بجٹ اعزازیہ دیا گیا ہے تو دیگر ورکرز کو بھی اس سے محروم نہیں رکھا جائے گا اور قومی اسمبلی کے میڈیا ونگ کی کارکردگی رپورٹ کی بنیاد پر اس حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔انہوں نے میڈیا ورکرز کے دوران ملازمت انتقال کی صورت میں مالی معاونت کی نئی پالیسی متعارف کرانے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ چینلز کو ایسے ملازمین کے اہل خانہ کے لیے مالی پیکج اور بچوں کی کفالت کا نظام وضع کرنا چاہیے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پاکستان براڈکاسٹ ایسوسی ایشن کے ساتھ خصوصی اجلاس میں میڈیا ملازمین کی تنخواہوں اور دیگر سہولیات کا معاملہ اٹھایا جائے گا۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ اینکرز اور دیگر میڈیا ملازمین کی تنخواہوں میں فرق کاروباری ماڈل سے جڑا ہے، تاہم اس بنیاد پر رپورٹرز اور دیگر عملے کے حقوق متاثر نہیں ہونے چاہئیں۔ انہوں نے میڈیا ورکرز کے مسائل کے حل کے لیے ایوان کے دونوں اطراف کو ساتھ لے کر چلنے کے عزم کا اظہار کیا۔عطا تارڑ نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات کے بائیکاٹ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹر علی ظفر کی سربراہی میں کمیٹی کی رہنمائی قابل قدر تھی اور ان کی عدم موجودگی محسوس کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کے محاذ پر تقسیم ختم کرکے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنا ہوگا اور میڈیا ورکرز کے حقوق کے تحفظ کے لیے پاکستان براڈکاسٹ ایسوسی ایشن کے ساتھ بھرپور انداز میں معاملہ اٹھایا جائے گا۔

Source: https://www.express.pk/story/2817063/the-government-and-all-stakeholders-must-work-together-to-resolve-the-financial-difficulties-faced-by-the-media-says-the-information-minister-2817063/

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.