Native World News

افغان طالبان وفد کے دورۂ برسلز پر یورپی ارکان پارلیمنٹ اور انسانی حقوق تنظیموں کا احتجاج

افغان طالبان وفد کے دورۂ برسلز پر یورپی ارکان پارلیمنٹ اور انسانی حقوق تنظیموں کا احتجاج

افغان رجیم کو سفارتی رعایتیں دینےکاخمیازہ دنیا کو دہشتگردی، منشیات اسمگلنگ اور غیر قانونی ہجرت کی صورت میں بھگتنا پڑے گا، ماہرین

افغان طالبان وفد کےدورہ برسلزپر یورپی اراکینِ پارلیمنٹ اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے شدید احتجاج کیا ہے۔

برسلز میں افغان طالبان وفد کی یورپی یونین حکام سے ملاقات پر یورپی اراکینِ پارلیمنٹ اور انسانی حقوق کی تنظیمیں سراپا احتجاج ہیں۔ یورپی پارلیمنٹ کی رکن ہنّا نوئیمان نے یورپی کمیشن کو افغان طالبان کی میزبانی اور مذاکرات کرنے پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

ہنّا نوئیمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا  ہے کہ افغان طالبان یورپی یونین کے ساتھ تکنیکی گفتگو کے خواہاں نہیں بلکہ وہ اپنی سیاسی حیثیت کو تسلیم کروانا چاہتے ہیں۔

یورپی پارلیمنٹ کی افغان کمیٹی کی سربراہ روشیل گارسیا نے یورپی کمیشن پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میں 45 کروڑ یورپین شہریوں کی طرف سے افغان عوام سے معذرت خواہ ہوں کہ ہم نام نہاد مذاکرات کے اس پاگل پن کو روکنے میں ناکام رہے ہیں۔

روشیلے گارشیا نے کہا کہ اس نوعیت کے مذاکرات غاصب افغان رجیم کو عالمی سطح پر قبولیت فراہم کرنے کا ذریعہ بن سکتے ہیں ۔

دریں اثنا انٹرنیشنل فیڈریشن فار ہیومن رائٹس نے بیلجیئم کے وفاقی پراسیکیوٹر سے رجوع کرلیا ہے اور یورپی سرزمین پر افغان طالبان وفد کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

انٹرنیشنل فیڈریشن فار ہیومن رائٹس کے صدر ایلیکسیس ڈیسویف کے مطابق یورپی یونین کی سرزمین پر افغان طالبان کے ساتھ مذاکرات کرنا ایک غاصب رجیم کو سیاسی جواز فراہم کرتا ہے۔

بین الاقوامی جریدے الجزیرہ کو دیے گئے بیان میں ہیومن رائٹس واچ کی محقق فرشتہ عباسی نے کہا کہ یورپی یونین ایک طرف افغان طالبان کے مظالم کی مذمت کرتی ہے، تو دوسری طرف ان سے روابط رکھ کر اپنی ساکھ داغدار کر رہی ہے۔

بین الاقوامی امور کے ماہرین کے مطابق برسلز کے بجائے افغان طالبان کو بین الاقوامی عدالتِ انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے ۔ ان سے مذاکرات کرنا انہیں مستقبل میں مزیدسخت پالیسیاں اپنانےپردلیرکرےگا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ غاصب افغان رجیم کو سفارتی رعایتیں دینےکاخمیازہ عالمی برادری کو دہشت گردی، منشیات کی اسمگلنگ اور غیر قانونی ہجرت کی صورت میں بھگتنا پڑے گا۔

Source: https://www.express.pk/story/2819404/european-parliament-members-and-human-rights-organizations-protest-afghan-taliban-delegations-visit-to-brussels-2819404

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.