ناک آؤٹ مرحلے میں ایکواڈور کا مقابلہ ممکنہ طور پر انگلینڈ سے ہو گا
فیفا ورلڈ کپ 2026 میں ایکواڈور نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے مضبوط حریف جرمنی کو 1-2 سے اپ سیٹ شکست دے کر ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا جبکہ اس نتیجے نے اسکاٹ لینڈ کی اگلے مرحلے میں رسائی کی امیدوں کو بھی دھچکا پہنچایا۔
نیو جرسی میں کھیلے گئے میچ کا آغاز جرمنی کے حق میں ہوا اور صرف دوسرے ہی منٹ میں لیروئے سانے نے فلورین ورٹز کے عمدہ پاس پر گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔
ابتدائی گول کے بعد ایکواڈور نے اس وقت شدید احتجاج کیا جب پیڈرو ویٹے پر بلند بوٹ لگنے کے باوجود ریفری نے فاؤل نہ دیا تاہم فیصلے کے خلاف احتجاج نے ٹیم کے حوصلے مزید بلند کر دیے۔
سات منٹ بعد نیلسن انگولو نے زبردست شاٹ کے ذریعے اسکور برابر کر دیا اور دوسرے ہاف میں ایکواڈور نے مسلسل دباؤ برقرار رکھا۔
میچ کے 77 ویں منٹ میں گونزالو پلاٹا نے کارنر پر جرمن گول کیپر مینوئل نوئر سے پہلے گیند تک پہنچ کر فیصلہ کن گول داغ دیا جس کے بعد ایکواڈور کے شائقین خوشی سے جھوم اٹھے۔
اس فتح کے ساتھ ایکواڈور نے نہ صرف ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنا لی بلکہ اب اگلے راؤنڈ میں انگلینڈ سے ممکنہ مقابلے کی راہ بھی ہموار ہو گئی۔
Discussion
Sign in to join the thread, react, and share images.