Native World News

چند وفاقی وزرا مشکلات پیدا کررہے ہیں وزیراعظم انہیں کنٹرول کریں ورنہ مشکلات میں اضافہ ہوگا، بلاول

چند وفاقی وزرا مشکلات پیدا کررہے ہیں وزیراعظم انہیں کنٹرول کریں ورنہ مشکلات میں اضافہ ہوگا، بلاول

کشمیر میں حالات بگڑ چکے ہیں، ہم چاہتے ہیں مسائل سیاسی طریقے سے حل ہوں، قومی اسمبلی میں اظہار خیال

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کشمیر میں حالات بگڑ چکے ہیں، ریاست کی پالیسی واضح ہے، چند وفاقی وزرا مشکلات پیدا کررہے ہیں، وزیراعظم اپنی ٹیم کو کنٹرول کریں ورنہ مشکلات میں اضافہ ہوگا۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال میں انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو سپورٹ کرنے پر گلگت بلتستان کے عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں، شہباز شریف اور مسلم لیگ (ن) کا بھی گلگت بلتستان میں پی پی پی کا مینڈیٹ تسلیم کرنے کا شکریہ ادا کرتا ہوں، مسلم لیگ ن نے ہمارے وزیراعلیٰ اور اسپیکر کو ووٹ دیا، مسلم لیگ ن گلگت بلتستان میں اپوزیشن میں بیٹھے گی، گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر ن لیگ کا ہوگا۔

انہوں ںے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی کا بھی گلگت بلتستان میں پی پی پی کا ساتھ دینے پر شکریہ ادا کرتے ہیں، ایم ڈبلیو ایم اور پی ٹی آئی کے دوستوں کے بھی شکر گزار ہیں سب کے ساتھ مل کر گلگت بلتستان کے عوام کے مسائل حل کریں گے۔

بلاول نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ایران امریکا امن معاہدے کے لیے شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کوششیں کامیاب ہوں،اس جنگ کی وجہ سے پاکستانیوں پر معاشی بوجھ پڑا ہوا ہے، ہم چاہتے ہیں امن ہونے سے پاکستانیوں پر معاشی بوجھ کم کیا جاسکے،پاکستان ایران تعلقات جنگ سے قبل بھی اچھے تھے مگر اب مزید بہتر ہوگئے، پاک ایران پائپ لائن منصوبہ صدر زرداری نے ایران سے کیا تھا حالات بہتر ہونے سے سب سے پہلے پاک ایران گیس پائپ منصوبہ مکمل کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ کا مشکل میں پاؤں اور آسانی میں گلا پکڑنے کہ بات میں نے نہیں کی یہ پیر پگاڑا نے کی تھی، کشمیر میں حالات بگڑ چکے ہیں میں کشمیر میں یہ دن نہیں دیکھنا چاہتا تھا، حکومت ریاست کی پالیسی واضح ہے، عوام اور احتجاج کرنے والے گروپس کے ایشو سب کے سامنے ہیں، ہم چاہتے ہیں تمام مسائل سیاسی طریقے سے حل ہوں، پاکستان پیپلز پارٹی نے انتخابات ملتوی کرنے کی کبھی بات نہیں کی، پی پی کشمیر میں نہ کل الیکشن ملتوی کروانی چاہتی تھی اور نہ آج۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ کلبھوشن یادیو پاکستان میں دہشت گردی کے لیے آیا تھا پاکستان میں پکنک منانے کے لیے نہیں! کلبھوشن یادیو کے ارادے سے آپ سب کے سامنے تھے، بھارت اسرائیل گٹھ جوڑ پاکستان کو نقصان پہنچاتا ہے، پاکستان کو بھارتی اسرائیلی گٹھ جوڑ کو بے نقاب کرنا ہوگا، بھارتی اور اسرائیلی سازش کا آسان ہدف بلوچستان ہے، کلبھوش یادیو بھی بلوچستان میں علٰیحدگی پسند تنظیموں اور دہشت گردوں کو سپورٹ کرنے آیا تھا۔

Source: https://www.express.pk/story/2819074/the-situation-in-kashmir-has-deteriorated-we-want-the-issue-to-be-resolved-politically-bilawal-bhutto-zardari-2819074

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.