Native World News

عشرۂ محرم میں قیامِ امن: وزیر داخلہ کا قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراجِ تحسین

عشرۂ محرم میں قیامِ امن: وزیر داخلہ کا قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراجِ تحسین

اداروں نے غیر معمولی پیشہ ورانہ صلاحیت، غیر متزلزل عزم اور ڈیوٹی کے دوران قابلِ ستائش جرات کا مظاہرہ کیا

وزیراعظم اور وزیر داخلہ نے عاشورۂ محرم الحرام کے دوران قیام امن پر سیکیورٹی اداروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے عاشورہ محرم کے موقع پر ملک بھر میں امن و امان برقرار رکھنے اور جلوسوں و مجالس کے لیے مؤثر سیکیورٹی انتظامات یقینی بنانے پر وزارت داخلہ، سیکیورٹی اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عاشورہ کے موقع پر بہترین انتظامات کرنے اور فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے پر وزیر داخلہ محسن نقوی اور ان کی ٹیم کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔

انہوں نے افواج پاکستان، پولیس اور دیگر سیکیورٹی و قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور اہلکاروں کی خدمات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی بدولت عاشورہ کے انتظامات کامیابی سے مکمل ہوئے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے عاشورہ کے حوالے سے تمام مذہبی سرگرمیاں پرامن ماحول میں انجام پائیں اور ملک بھر میں امن و امان کی فضا برقرار رہی۔

شہباز شریف نے صوبائی حکومتوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کی حکومتوں کی جانب سے کیے گئے انتظامات کو بھی سراہا۔ انہوں نے تمام وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر اور ان کی کابینہ کے متعلقہ وزراء کی جانب سے عاشورہ کے دوران امن و امان برقرار رکھنے اور فول پروف سیکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کی کوششوں کو قابل تعریف قرار دیا۔

محسن نقوی کا خراج تحسین

دریں اثنا وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی عشرۂ محرم الحرام کے دوران ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں محسن نقوی نے محرم الحرام کے پہلے 10 دنوں خصوصاً گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خدمات انجام دینے والے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور اہلکاروں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

For the past ten days of Muharram. especially during the last 24 hours, Pakistan’s law enforcement agencies have demonstrated extraordinary professionalism, unwavering commitment, and remarkable courage in the line of duty.I salute every officer and official who served with…

اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ عشرۂ محرم الحرام بالخصوص آخری 24 گھنٹوں میں پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے غیر معمولی پیشہ ورانہ صلاحیت، غیر متزلزل عزم اور ڈیوٹی کے دوران قابلِ ستائش جرات کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ ہر اس افسر اور اہلکار کو سلام پیش کرتے ہیں جس نے لگن، ثابت قدمی اور فرض شناسی کے غیر متزلزل جذبے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کیں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ پوری قوم اپنے ان بہادر افسران اور اہلکاروں پر فخر کرتی ہے اور ان کی غیر معمولی خدمات پر انہیں دل کی گہرائیوں سے خراجِ تحسین اور شکریہ پیش کرتی ہے۔

Source: https://www.express.pk/story/2819409/maintaining-peace-during-the-ten-days-of-muharram-interior-minister-pays-tribute-to-law-enforcement-agencies-2819409

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.