حادثہ لینڈنگ کے وقت پیش آیا جس کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا
ترکیہ میں 267 مسافروں سے بھرا طیارہ انطالیہ ایئرپورٹ سے ریڈار ٹاور سے ٹکرا گیا جس سے اس کا ایک ونگ ٹوٹ گیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکیہ کے سیاحتی شہر انطالیہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ترک ایئرلائنز کے بوئنگ 777 کو لینڈنگ کے وقت ایک خوفناک فضائی حادثہ پیش آیا۔
ترک ایئرلائنز کی پرواز استنبول سے انطالیہ پہنچی تھی۔ لینڈنگ کے بعد جب طیارہ رن وے سے ٹرمینل کی جانب بڑھ رہا تھا تو اس کا ایک ونگ ایک دھاتی مواصلاتی اینٹینا یا ریڈار ماسٹ سے جا ٹکرایا۔
جس کے نتیجے میں طیارے کے دائیں پَر (ونگ) کو شدید نقصان پہنچا اور جہاز کے ایک حصے میں بڑا شگاف بھی پڑ گیا۔ حادثے کے وقت جہاز میں موجود عملے اور مسافروں میں خوف کی لہر دوڑ گئی۔
مسافروں نے بتایا کہ اچانک زور دار دھماکے جیسی آواز سنائی دی اور آکسیجن ماسک خودبخود نیچے آ گئے جبکہ اوور ہیڈ سامان رکھنے والے خانے بھی کھل گئے تھے جس سے سامان گر پڑا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طیارے کے ایک حصے میں بڑا سوراخ ہو گیا جبکہ سرخ و سفید رنگ کا دھاتی ٹاور زمین پر گرا ہوا ہے۔
ترجمان ترک ایوی ایشن نے بتایا کہ ہنگامی صورتحال کے بعد فائر بریگیڈ، ریسکیو ٹیموں اور طبی عملے کو فوری طور پر موقع پر طلب کرلیا گیا۔ تمام مسافروں اور عملے کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔ ایک شخص معمولی زخمی ہے۔
ایک خاتون مسافر نے حادثے کے بعد جہاز کے اندر کی ویڈیو بھی بنائی، انھوں نے بتایا کہ لینڈنگ کے بعد اچانک ایسا محسوس ہوا جیسے جہاز کا کوئی حصہ ٹوٹ گیا ہو۔ ایک خاتون شدید خوفزدہ ہو کر چیخ رہی تھیں۔
حادثے کے بعد ترک ایئرلائنز نے واقعے کی تکنیکی تحقیقات کا آغاز کر دیا تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ طیارہ ریڈار یا مواصلاتی ٹاور کے اتنا قریب کیسے پہنچا۔
حادثے کے باعث ایئرپورٹ پر کچھ آپریشنل مشکلات بھی پیدا ہوئیں اور مسافروں نے سامان حاصل کرنے میں تقریباً دو گھنٹے کی تاخیر کی شکایت کی۔
Discussion
Sign in to join the thread, react, and share images.