Native World News

آبنائے ہرمز پر کوئی ملک ٹول یا فیس عائد نہیں کر سکتا، امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو

آبنائے ہرمز پر کوئی ملک ٹول یا فیس عائد نہیں کر سکتا، امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو

خطے کے تمام ممالک اس معاملے پر امریکا کے مؤقف سے اتفاق کرتے ہیں، امریکی وزیرخارجہ

ابوظبی: امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز ایک بین الاقوامی آبی گزرگاہ ہے اور عالمی قوانین کے تحت کسی بھی ملک کو اس اہم سمندری راستے پر ٹول یا فیس عائد کرنے کا اختیار حاصل نہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ معاہدے کے حوالے سے خلیجی اتحادیوں کو اعتماد میں لینے کے لیے متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظبی پہنچے، جہاں انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے آبنائے ہرمز کے مستقبل اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر اہم بیانات دیے۔

مارکو روبیو نے کہا کہ آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین بین الاقوامی آبی گزرگاہوں میں شامل ہے اور بین الاقوامی قانون کسی بھی ملک کو اس راستے پر ٹیکس، ٹول یا دیگر فیس عائد کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ خطے کے تمام ممالک اس معاملے پر امریکا کے مؤقف سے اتفاق کرتے ہیں۔

امریکی وزیر خارجہ نے ایران کے حوالے سے کہا کہ تہران کو انقلابی تحریک کے بجائے ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایران ریاستی ذمہ داریوں کے مطابق کام کرے تو اس کے لیے معاشی اور سفارتی ترقی کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

مارکو روبیو نے مزید کہا کہ خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے ایران سے منسلک مسلح گروہوں کی سرگرمیوں کا خاتمہ ضروری ہے۔ انہوں نے عراق سے ہونے والے میزائل اور ڈرون حملوں کو علاقائی امن کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات میں یہ معاملہ بھی زیر بحث آئے گا۔

دوسری جانب حال ہی میں عمان اور ایران نے ایک مشترکہ اعلامیے میں کہا تھا کہ دونوں ممالک آبنائے ہرمز کے مستقبل کے انتظام اور وہاں فراہم کی جانے والی خدمات کے عوض وصول کی جانے والی ممکنہ فیسوں کا جائزہ لیں گے۔ اس بیان کے بعد آبنائے ہرمز کی قانونی حیثیت اور انتظامی معاملات پر بین الاقوامی سطح پر نئی بحث شروع ہو گئی ہے۔

ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز عالمی توانائی کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم راستہ ہے، جہاں سے دنیا کی بڑی مقدار میں تیل اور گیس کی تجارت ہوتی ہے، اسی لیے اس سے متعلق کسی بھی فیصلے کے عالمی معیشت پر براہِ راست اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

Source: https://www.express.pk/story/2819000/rubio-says-no-country-can-impose-tolls-on-strait-of-hormuz-2819000

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.