Native World News

مشرق وسطیٰ اور خلیجی خطے میں امن و استحکام کیلئے فوری اور جامع جنگ بندی ناگزیر ہے، چین

مشرق وسطیٰ اور خلیجی خطے میں امن و استحکام کیلئے فوری اور جامع جنگ بندی ناگزیر ہے، چین

ایران تنازع بین الاقوامی تجارت اور توانائی کی عالمی ترسیل پر بھی منفی اثر ڈال رہا ہے، چینی وزارت خارجہ

چین کی وزارتِ خارجہ نے ایران کی موجودہ صورتحال پر اپنا اہم مؤقف جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران میں جاری تنازع شروع ہی نہیں ہونا چاہیے تھا کیونکہ اس جنگ نے نہ صرف ایرانی عوام بلکہ پورے خطے کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔

چینی وزارتِ خارجہ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ ایران تنازع کے اثرات عالمی معیشت، سپلائی چین، بین الاقوامی تجارت اور توانائی کی عالمی ترسیل پر بھی منفی اثر ڈال رہے ہیں۔

بیان میں حالیہ امریکا ایران جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا گیا کہ مذاکرات کا دروازہ کھل چکا ہے، اسے دوبارہ بند نہیں ہونا چاہیے۔

چین نے زور دیا کہ بات چیت اور سفارت کاری ہی آگے بڑھنے کا درست راستہ ہے جبکہ طاقت کا استعمال ’ڈیڈ اینڈ‘ یعنی تباہ کن راستہ ثابت ہوگا۔

چین نے خلیجی سمندری راستوں، خصوصاً آبنائے ہرمز، کو جلد از جلد بحال کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سپلائی چین اور توانائی کی ترسیل کے استحکام کے لیے یہ انتہائی ضروری ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ مشرق وسطیٰ اور خلیجی خطے میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے فوری اور جامع جنگ بندی ناگزیر ہے۔

چینی وزارتِ خارجہ کے مطابق پاکستان اور چین نے خطے میں امن اور استحکام کی بحالی کے لیے مشترکہ طور پر پانچ نکاتی منصوبہ بھی پیش کیا ہے۔

چین نے کہا کہ وہ شی جنپنگ کے مشرق وسطیٰ میں امن سے متعلق چار نکاتی وژن کے مطابق اپنا ’تعمیری کردار‘ جاری رکھے گا تاکہ خطے میں مستقل امن قائم ہوسکے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق چین کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی نے عالمی سیاست اور معیشت کو شدید متاثر کر رکھا ہے، جبکہ عالمی طاقتیں خطے میں بڑی جنگ کے خطرات کم کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔

Source: https://www.express.pk/story/2813174/china-calls-force-a-dead-end-in-iran-crisis-urges-dialogue-2813174

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.