Native World News

لاہور: بےروزگار نوجوانوں کو دھوکا دینے کی کوشش، پاکستان ریلوے میں ملازمتوں کا جعلی اشتہار وائرل

لاہور: بےروزگار نوجوانوں کو دھوکا دینے کی کوشش،  پاکستان ریلوے میں ملازمتوں کا جعلی اشتہار وائرل

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے اشتہار میں پاکستان ریلوے میں جونیئر انجینئر کی آسامیوں کا ذکر کیا گیا ہے

لاہور میں فراڈ عناصر نے بے روزگار نوجوانوں کو دھوکا دینے کے لیے سوشل میڈیا پر پاکستان ریلوے میں ملازمتوں کے حوالے سے جعلی اشتہار وائرل کر دیا، جس کے باعث شہریوں میں تشویش پھیل گئی اور متعدد افراد نے بھرتیوں سے متعلق معلومات کے لیے ریلوے حکام سے رابطے کیے۔

ذرائع کے مطابق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے اشتہار میں پاکستان ریلوے میں جونیئر انجینئر کی آسامیوں کا ذکر کیا گیا ہے، جبکہ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ادارے میں جونیئر انجینئر کے نام سے کوئی آسامی موجود ہی نہیں۔ وائرل اشتہار سندھی زبان میں تیار کیا گیا اور مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر کیا گیا، جس سے ملازمت کے خواہش مند افراد گمراہ ہوئے۔

ریلوے حکام نے واضح کیا ہے کہ پاکستان ریلوے میں بھرتیوں کے حوالے سے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والا اشتہار مکمل طور پر جعلی اور بے بنیاد ہے۔ حکام کے مطابق ادارے کی جانب سے ایسی کوئی بھرتی مہم شروع نہیں کی گئی اور نہ ہی مذکورہ آسامیوں کا کوئی اشتہار جاری کیا گیا ہے۔

حکام نے عوام، بالخصوص نوجوانوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ ملازمتوں سے متعلق معلومات صرف سرکاری ذرائع اور پاکستان ریلوے کے مستند اعلانات سے حاصل کریں اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے غیر مصدقہ اشتہارات پر ہرگز اعتماد نہ کریں تاکہ کسی بھی قسم کے مالی یا ذاتی معلومات کے فراڈ سے محفوظ رہا جا سکے۔

Source: https://www.express.pk/story/2818265/lahore-attempt-to-deceive-unemployed-youth-fake-advertisement-for-jobs-in-pakistan-railways-goes-viral-2818265/

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.