ایوان میں پیش کی گئی قرارداد کے حق میں 212 جبکہ مخالفت میں بھی 212 ووٹ پڑے
امریکا میں ایران جنگ کے خاتمے سے متعلق ڈیموکریٹ اراکین کی کوشش اس وقت ناکام ہوگئی جب امریکی ایوانِ نمائندگان میں پیش کی گئی قرارداد مطلوبہ برتری حاصل نہ کرسکی۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایوان میں پیش کی گئی قرارداد کے حق میں 212 جبکہ مخالفت میں بھی 212 ووٹ پڑے، جس کے باعث قرارداد مؤثر نہ رہ سکی۔
رپورٹس کے مطابق تین ری پبلکن اراکین نے ڈیموکریٹس کا ساتھ دیتے ہوئے قرارداد کے حق میں ووٹ دیا جبکہ ایک ڈیموکریٹ رکن نے قرارداد کی مخالفت کی۔ برابر ووٹ آنے کے بعد قرارداد کسی واضح نتیجے تک نہ پہنچ سکی۔
یہ قرارداد امریکا کی ایران کے خلاف جاری فوجی کارروائیوں اور جنگی پالیسی کو محدود یا ختم کرنے کے مطالبے کے تحت پیش کی گئی تھی۔
ڈیموکریٹ رہنماؤں کا مؤقف تھا کہ کانگریس کی منظوری کے بغیر جنگی کارروائیوں کو جاری رکھنا امریکی آئینی اصولوں کے خلاف ہے۔
دوسری جانب ری پبلکن اراکین نے مؤقف اختیار کیا کہ موجودہ حالات میں ایران کے خلاف دباؤ برقرار رکھنا امریکا کی قومی سلامتی کے لیے ضروری ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی سینیٹ میں بھی ایران جنگ کے خاتمے سے متعلق ایک قرارداد مسترد ہوچکی ہے جہاں قرارداد کے حق میں 49 جبکہ مخالفت میں 51 ووٹ پڑے تھے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق امریکی کانگریس میں ایران جنگ کے معاملے پر شدید سیاسی تقسیم سامنے آرہی ہے جبکہ صدر ٹرمپ کی پالیسیوں پر بھی اندرونی اختلافات بڑھتے جا رہے ہیں۔
Discussion
Sign in to join the thread, react, and share images.