Native World News

گلگت بلتستان کے انتخابات میں جے یو آئی کو قصداً باہر رکھا گیا، مولانا عطا الرحمان

گلگت بلتستان کے انتخابات میں جے یو آئی کو قصداً باہر رکھا گیا، مولانا عطا الرحمان

جے یو آئی کے 83 علما اورساتھیوں کو قتل کیا گیا، ہم سوال کرتے ہیں ہمارے ساتھیوں کا خون کیوں بہایا گیا، رہنما جے یو آئی

جعمیت علمائے اسلام پاکستان کے سینیٹر مولانا عطاالرحمان نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے انتخابات میں جے یو آئی کو قصداً باہر رکھا گیا، اگر ایوان نہیں تو پھر میدان ہے۔

سینٹر مولانا عطا الرحمان نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 18 جون کو چارسدہ میں جے یو آئی کا بڑا عوامی اجتماع ہوگا، کوئی دوسری سیاسی یا دینی جماعت جے یو آئی کے سیاسی اجتماع کا ریکارڈ نہیں توڑ سکی۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ ہمارے کارکنوں کو مختلف طریقوں سے پیغامات دیے جارہے اجتماع منسوخ ہوگیا ہے اور ہم سے رابطہ کیا جارہا ہے اجتماع کی تاریخ تبدیل کی جائے لیکن جمعیت علمائے اسلام اجتماع کی نہ تاریخ تبدیل کرے گی اور نہ جگہ تبدیل کی جائے گی، اجتماع کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، جمعیت علمائے اسلام کے 3 ہزار سالار ڈیوٹی دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ جے یو آئی کے 83 کے قریب علمائے کرام اورساتھیوں کو قتل کیا گیا، ہم سوال کرتے ہیں ہمارے ساتھیوں کا خون کیوں بہایا گیا، جب مولانا ادریس کو قتل کیا گیا تو 3 ہزار طلبا ان کے انتظار میں تھے۔

مولانا عطاالرحمان نے کہا کہ ہم جس مشن پر ہیں اس سے ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

جمعیت علمائے اسلام کے سینیٹر نے کہا کہ گلگت بلتستان کے انتخابات میں جے یو آئی کو قصداً عمداً باہر رکھا گیا، ہم پارلیمنٹ کے ذریعے اپنی آواز اٹھانا چاہتے ہیں اور اگر ایوان نہیں تو پھر میدان ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے موجودہ صوبائی حکومت اور یہاں کی سیاسی جماعتوں سے اچھا تعلق ہے لیکن ہمارا سیاسی جماعتوں سے اچھا تعلق کچھ لوگوں کو ہضم نہیں ہو رہا ہے۔

Source: https://www.express.pk/story/2818005/gilgit-baltistan-elections-jui-kept-out-of-gilgit-baltistan-elections-molana-atta-ur-rehman-2818005

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.