Native World News

سگریٹ چھوڑ کر ویپنگ اپنانا بھی آنکھوں کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے: تحقیق

سگریٹ چھوڑ کر ویپنگ اپنانا بھی آنکھوں کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے: تحقیق

تحقیق جنوبی کوریا کے ہیلتھ انشورنس ڈیٹا پر مبنی تھی، 32316 سابقہ سگریٹ نوش افراد کا اوسطاً 4.6 سال تک مشاہدہ کیا گیا

ایک بڑے جنوبی کوریائی مطالعے کے مطابق جو افراد سگریٹ چھوڑنے کے بعد نکوٹین کے غیر جلنے والے متبادل (جیسے ویپنگ یا دیگر مصنوعات) استعمال کرنے لگتے ہیں، ان میں مکمل طور پر نکوٹین چھوڑنے والوں کے مقابلے میں بینائی کو متاثر کرنے والی سنگین آنکھوں کی بیماریوں کا خطرہ معمولی مگر مستقل طور پر زیادہ پایا گیا ہے۔

یہ تحقیق جنوبی کوریا کے قومی ہیلتھ انشورنس ڈیٹا پر مبنی تھی جس میں 32316 سابقہ سگریٹ نوش افراد کا اوسطاً 4.6 سال تک مشاہدہ کیا گیا۔ شرکاء کو دو گروہوں میں تقسیم کیا گیا: مکمل طور پر نکوٹین ترک کرنے والے اور متبادل نکوٹین مصنوعات استعمال کرنے والے۔

فالو اپ کے دوران مجموعی طور پر 6328  نئے کیسز سامنے آئے۔ بیماریوں کی شرح مکمل ترک کرنے والوں میں سالوں بعد 41.1 فی 1000 شخص جبکہ متبادل استعمال کرنے والوں میں سالوں بعد  44 فی 1000 شخص رہی۔

اعداد و شمار کے تجزیے سے معلوم ہوا کہ متبادل نکوٹین استعمال کرنے والوں میں آنکھوں کی بیماریوں کا مجموعی خطرہ 7 فی صد زیادہ تھا۔ سب سے نمایاں اضافہ ذیابیطس ریٹینوپیتھی (24 فیصد زیادہ خطرہ) اور نظر کی فوکسنگ سے متعلق مسائل میں دیکھا گیا۔

کوریا یونیورسٹی کالج آف میڈیسن کی جانب سے کی گئی یہ تحقیق امیریکن جرنل آف اوپتھیمولوجی میں شائع ہوئی۔

ماہرین کے مطابق نتائج اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ سگریٹ چھوڑنے کے بعد صرف متبادل نکوٹین پر منتقل ہونا مکمل محفوظ نہیں، اور بہتر حکمتِ عملی مکمل طور پر نکوٹین سے پرہیز ہے۔

Source: https://www.express.pk/story/2819131/trading-cigarettes-for-vapes-may-still-be-harmful-for-vision-2819131/

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.