Native World News

استنبول میں اعلیٰ سطح اجلاس: ترکیہ پاکستان کو توانائی بحران سے نمٹنے کیلیے مدد فراہم کرے گا

استنبول میں اعلیٰ سطح اجلاس: ترکیہ پاکستان کو توانائی بحران سے نمٹنے کیلیے  مدد فراہم کرے گا

تین مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط، پاکستان کی ترک سرمایہ کاروں کو توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت

استنبول میں توانائی سے متعلق اعلیٰ سطح اجلاس میں پاکستان اور ترکیہ نے توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا، ترکیہ پاکستان میں بجلی کے شعبے میں اصلاحات لانے میں مدد کرے گا، پاکستان نے ترک سرمایہ کاروں کو توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق استنبول میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان توانائی کے شعبے پر اعلیٰ سطح بین الوزارتی مشاورتی اجلاس ہوا۔ ترک وزیر توانائی الپرسلان بیرکتار کی دعوت پر پاکستانی وفد نے استنبول میں اہم اجلاس میں شرکت کی۔ وزیر توانائی سردار اویس لغاری اور مشیر نجکاری محمد علی نے پاکستانی وفد کی نمائندگی کی۔

پاکستان اور ترکیہ کے درمیان بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی اصلاحات اور نجکاری پر تفصیلی مشاورت ہوئی، ملاقات کا مقصد پاکستان کے پاور سیکٹر کی تنظیمِ نو، کمرشلائزیشن اور نجکاری کے لیے عالمی تجربات سے استفادہ کرنا تھا۔

پاکستان نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے لیے ترکیہ کے کامیاب ماڈل کا جائزہ لیا۔ اویس لغاری نے شفاف اور سرمایہ کار دوست نجکاری عمل کے عزم کا اعادہ کیا۔ اویس لغاری نے کہا کہ ڈسکوز میں اصلاحات، گورننس کی بہتری اور ریگولیٹری فریم ورک مضبوط بنایا جا رہا ہے۔

ترکیہ نے پاکستان کے توانائی کے شعبے کی اصلاحات میں تکنیکی معاونت کی پیشکش کردی۔ ترک وزیر توانائی نے پاکستانی حکام اور ترک کمپنیوں کے درمیان روابط بڑھانے کی یقین دہانی کرائی۔ ترکیہ نجکاری اور بجلی کی تقسیم کے شعبے میں اپنے تجربات پاکستان کے ساتھ شیئر کرے گا۔

پاکستان اور ترکیہ کے درمیان توانائی شعبے میں ادارہ جاتی تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔ ترک نجی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے پاور سیکٹر میں سرمایہ کاری کی ترغیب دی جائے گی، دونوں ممالک نے ریگولیٹری مہارت، گورننس اور نجکاری کے بہترین طریقوں کے تبادلے پر اتفاق کیا، پاکستان کے پاور سیکٹر کی مالی پائیداری اور کارکردگی بہتر بنانے کیلئے تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔

پاکستان اور ترکیہ نے توانائی شعبے میں طویل المدتی شراکت داری کے فروغ پر اتفاق کیا۔ پاکستان نے پاور سیکٹر اصلاحات کے لیے ترکیہ کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کا فیصلہ کرلیا۔

پاکستان اور ترکیہ کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ ترک سرمایہ کاروں کو پاکستان کے بجلی شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی گئی۔

3 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

اجلاس کے دوران پاکستان اور ترکیہ کے توانائی شعبے کے اداروں کے درمیان 3 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے جن کا مقصد مقصد توانائی شعبے میں ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینا ہے۔

ان میں ISMO اور EPIAŞ کے درمیان مفاہمتی یادداشت، ISMO اور TEİAŞ کے درمیان مفاہمتی یادداشت اور PPMC اور TEDAŞ کے درمیان مفاہمتی یادداشت شامل ہیں۔

معاہدوں میں نجکاری کے بعد گورننس فریم ورک پر تعاون شامل ہے، بجلی کی مارکیٹ کی ترقی اور معاون خدمات کے ضوابط پر تعاون ہوگا، پاور سسٹم آپریشنز اور ٹرانسمیشن منصوبہ بندی میں تعاون بڑھایا جائے گا، بجلی کی تقسیم کے شعبے کے انتظام اور ڈیجیٹلائزیشن پر تعاون کیا جائے گا، ادارہ جاتی استعداد کار میں اضافے اور تکنیکی مہارت کے تبادلے پر اتفاق کیا گیا۔

پاکستان ترکیہ کے بجلی مارکیٹ اصلاحات کے تجربات سے استفادہ کرے گا، اویس لغاری

اویس لغاری نے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کا خیر مقدم کیا۔ وفاقی وزیر نے توانائی اداروں کو مضبوط بنانے کے لیے شراکت داری کو اہم قرار دیا اور کہا کہ پاکستان ترکیہ کے بجلی مارکیٹ اصلاحات کے تجربات سے استفادہ کرے گا، پاکستان ٹرانسمیشن سسٹم کی ترقی اور تقسیمی شعبے کی جدیدکاری سے متعلق تجربات سے سیکھے گا، اداروں کے درمیان تعاون سے عملی معلومات اور آپریشنل تجربات کا تبادلہ ہوگا۔

اویس لغاری کے مطابق باہمی تعاون سے کارکردگی، خدمات کی فراہمی اور گورننس میں بہتری آئے گی، ترک فریق نے طویل المدتی ادارہ جاتی تعاون کی حمایت کے عزم کا اظہار کیا ہے، مفاہمتی یادداشتیں مشترکہ تکنیکی اقدامات اور ماہرین کے تبادلے کی راہ ہموار کریں گی، معاہدوں سے تربیتی پروگراموں، مطالعاتی دوروں اور مشترکہ منصوبوں کو فروغ ملے گا۔

Source: https://www.express.pk/story/2819217/meeting-in-istanbul-turkey-to-help-pakistan-address-energy-crisis-2819217/

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.