Native World News

وزیراعظم شہباز شریف کی اپنا گھر اسکیم کی پورے ملک میں آگاہی مہم تیز کرنے کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف کی اپنا گھر اسکیم کی پورے ملک میں آگاہی مہم تیز کرنے کی ہدایت

اسکیم کی کامیابی سے تعمیرات کے شعبے میں تیزی، منسلک صنعتوں کو فروغ ملے گا اور معاشی ترقی کی رفتار بڑھے گی، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنا گھر اسکیم کو تعمیرات کے شعبے میں تیزی، اس سے منسلک صنعتوں کے فروغ اور معاشی ترقی کی رفتار بڑھانے کا باعث قرار دیتے ہوئے ملک بھر میں اسکیم کی آگاہی مہم تیز کرنے کی ہدایت کردی جبکہ 67 ہزار سے زائد درخواستیں جمع کرائی گئی ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پرائم منسٹر اپنا گھر اسکیم کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا اور وزیراعظم نے کہا کہ اسکیم میں شہریوں کی بڑی تعداد کا حصہ لینا انتہائی خوش آئند ہے، اگر اسی رفتار سے آگے بڑھیں گے تو اپنے گھر کے زیادہ سے زیادہ خواہش مند افراد کا خواب شرمندہ تعبیر ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کی کامیابی سے تعمیرات کے شعبے میں تیزی آئے گی، اس شعبے سے منسلک صنعتوں کو فروغ ملے گا اور معاشی ترقی کی رفتار بڑھے گی۔

وزیراعظم نے شہریوں کے لیے اپنا گھر اسکیم میں شمولیت اختیار کرنے کے عمل میں مزید سہولیات فراہم کرنے، وزارت ہاؤسنگ کو اسٹیٹ بینک کے ساتھ مل کر اپنا گھر اسکیم کے درخواست فارم کو آسان فہم بنانے اور بینکوں کو  اپنا گھر اسکیم کی درست درخواستوں کی منظوری کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی۔

اس موقع پر وزیراعظم نے اپنا گھر اسکیم کے حوالے سے پورے ملک میں آگاہی مہم مزید تیز کرنے اور زمینوں کے کاغذات کے حصول میں تیزی لانے کے لیے صوبوں کو ضلعی سطح پر اپنا گھر اسکیم کے لیے سہولت ڈیسک قائم کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں وزیراعظم کو اپنا گھر اسکیم کی اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا اور بتایا گیا کہ پرائم منسٹر اپنا گھر اسکیم کی مد میں اب تک مجموعی طور پر 11 ارب روپے کے قرضے دیے جا چکے ہیں، اس سال مارچ میں وزیراعظم اپنا گھر اسکیم کے قوائد و ضوابط کو مزید آسان بنانے کے بعد گھر کے خواہش مند افراد کی درخواستوں کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ ہوا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک بھر سے 67900 افراد نے درخواستیں جمع کرائی ہیں، جس میں سے 16587 درخواستیں منظور کی جا چکی ہیں جبکہ 3146 افراد کو قرضوں کی ادائیگی ہو چکی ہے اور آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی کے عمل کو ڈیجیٹل ہب، سہولت ڈیسکس کے قیام اور دیگر اقدامات کے ذریعے مزید تیز بنایا جا رہا ہے۔

مزید بتایا گیا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بینکوں کو اپنا گھر اسکیم کے درخواست فارمز کو 15 دن کے اندر پراسیس کرنے کا پابند بنایا ہے، پارلیمنٹ نے حال ہی میں کونڈومینیئم اور فائنانشل انسٹیٹیوشن ریکووری کے قوانین پاس کیے جس سے ہاؤسنگ کے شعبے میں قانونی رکاوٹیں دور ہوں گی اور اس شعبے کو فروغ ملے گا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ اپنا گھر اسکیم کی پیش رفت کی نگرانی کے لیے خصوصی ڈیجیٹل پورٹل لانچ کیا جا چکا ہے۔

Source: https://www.express.pk/story/2817072/prime-minister-shehbaz-sharif-apna-ghar-scheme-campaign-country-extended-2817072/

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.