Native World News

گلگت بلتستان؛ مخصوص نشستوں سمیت 30 اراکین کا نوٹیفکیشن جاری، 3 حلقوں کے نتائج روک دیے گئے

گلگت بلتستان؛ مخصوص نشستوں سمیت 30 اراکین کا نوٹیفکیشن جاری، 3 حلقوں کے نتائج روک دیے گئے

ٹیکنوکریٹس اور خواتین کی مخصوص نشستوں پر پی پی پی کو 4، مسلم لیگ(ن) کو 3 اور آئی پی پی کے امیدوار کامیاب قرار پائے ہیں

الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے جنرل انتخابات 2026 میں براہ راست منتخب ہونے والے 24 میں سے 21 اراکین اسمبلی سمیت ٹیکنوکریٹس اور خواتین کے لیے مخصوص 9 نشستوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جبکہ 3 اراکین کے نتائج سپریم اپیلیٹ کورٹ کے احکامات کی روشنی میں روک دیے گئے ہیں۔

گلگت بلتستان نے الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 98(1) اور الیکشن رولز 2017 کے قواعد 94 اور 96 کے تحت جنرل انتخابات 2026 کے نتائج کی بنیاد پر گلگت بلتستان اسمبلی کے لیے کامیاب قرار پانے والے امیدواروں کے ناموں کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجا شہباز خان  کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق جنرل نشستوں پر کامیاب قرار دیے گئے اراکین اسمبلی میں جی بی اے-1 گلگت-I سے پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے صوبائی صدر امجد حسین، جی بی اے-2 گلگت-II سے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر حافظ حفیظ الرحمان، جی بی اے-3 گلگت-III سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار سید سہیل عباس، جی بی اے-4 نگر-I سے پی پی پی کے محمد علی اختر، جی بی اے-5 نگر-II سے پی پی پی کے ذوالفقار علی مراد شامل ہیں۔

جی بی اے-6 ہنزہ سے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امید وار نیک نام کریم، جی بی اے-7 سکردو-I سے پی پی پی سے تعلق رکھنے والے سید توقیر مہدی، جی بی اے-8 سکردو-II سے مجلس وحدت مسلمین کے محمد کاظم، جی بی اے-10 سکردو-IV سے پی پی پی کے ناصر علی خان، جی بی اے-11 کھرمنگ سے پی پی پی کے اقبال حسن، جی بی اے-12 شگر سے پی پی پی عمران ندیم کے نوٹیفکیشنز جاری کردیے گئے ہیں۔

جی بی اے-13 استور-I سے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رانا فرمان علی، جی بی اے-14 استور-II سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رانا محمد فاروق، جی بی اے-16 دیامر-II سے آزاد امیدوار امام ملک، جی بی اے-18 دیامر-IV سے مسلم لیگ (ن) ملک کفایت الرحمان، جی بی اے-19 غذر-I سے پی پی پی کے سید جلال علی شاہ، جی بی اے-20 غذر-II سے مسلم لیگ (ن) عبدالجہان، جی بی اے-21 غذر-III سے آزاد امیدوار امان علی کے نوٹیفکیشنز جاری کردیے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے جی بی اے-22 گانچھے-I سے مسلم لیگ (ن) کے محمد ابراہیم ثنائی، جی بی اے-23 گانچھے-II سے آزاد امیدوار انور علی اور جی بی اے-24 گانچھے-III سے آزاد امیدوار اسد شفیق کا بھی نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز (PPPP) نے جنرل نشستوں پر سب سے زیادہ سیٹیں حاصل کر لی ہیں، پاکستان مسلم لیگ (ن) دوسرے، مجلس وحدت مسلمین، آزاد امیدواربھی اسمبلی میں منتخب ہوئے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ مذکورہ امیدواروں کی کامیابی کا اعلان جنرل انتخابات 2026 کے سرکاری نتائج اور قانونی تقاضوں کی تکمیل کے بعد کیا گیا ہے، جس کے ساتھ ہی گلگت بلتستان اسمبلی کی عمومی نشستوں پر منتخب اراکین کی فہرست باضابطہ طور پر شائع کر دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ جنرل نشستوں پر کامیاب ہو نے والے 21 ممبران کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے جبکہ 3 ممبران کے نتائج سپریم اپیلیٹ کورٹ کے احکامات کی روشنی میں روک دیے گئے ہیں۔

ٹیکنوکریٹس اور خواتین کی مخصوص نشستوں پر نوٹیفکیشن جاری

الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے جنرل انتخابات 2026 کے بعد سیاسی جماعتوں کی جانب سے جمع کرائی گئی ترجیحی فہرستوں کے مطابق خواتین اور ٹیکنوکریٹس کے لیے مخصوص نشستوں کی الاٹمنٹ کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجا شہباز خان  کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق خواتین کے لیے مختص 6 نشستوں میں سے 3 نشستیں پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز (پی پی پی پی) کو ملیں، جن پر کلثوم جہانگیر، سعدیہ دانش اور ثوبیہ جبیں کامیاب قرار پائیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کو خواتین کی دو مخصوص نشستیں حاصل ہوئیں جن پر ساجدہ بیگم اور جینیفر بہادر کو کامیاب قرار دیا گیا، استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کو خواتین کی ایک مخصوص نشست ملی جس پر دلشاد بانو کو کامیاب قرار دیا گیا۔

ٹیکنوکریٹس کے لیے مختص تین نشستوں کی الاٹمنٹ بھی سیاسی جماعتوں کی ترجیحی فہرستوں کے مطابق مکمل کر دی گئی ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کی جانب سے محمد شریف، پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے صاحب خان اور استحکام پاکستان پارٹی کی جانب سے محمد علی کو ٹیکنوکریٹس کی نشستوں پر کامیاب قرار دیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کے مطابق مخصوص نشستوں کی تقسیم اسمبلی میں سیاسی جماعتوں کی حاصل کردہ نمائندگی اور قانون کے مطابق جمع کرائی گئی ترجیحی فہرستوں کی بنیاد پر عمل میں لائی گئی ہے، نوٹیفکیشن کے اجرا کے ساتھ ہی خواتین اور ٹیکنوکریٹس کی تمام مخصوص نشستوں پر کامیاب امیدواروں کی کامیابی باضابطہ طور پر نافذ العمل ہو گئی ہے۔

Source: https://www.express.pk/story/2818334/gilgit-baltistan-including-special-seats-30-candidates-notification-issued-3-constituencies-results-withheld-2818334

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.