ٹینا نے بتایا کہ یہ سب کچھ وہ اپنی زندگی کے ابتدائی دور سے دیکھتی آ رہی ہیں
بالی ووڈ اداکار گووندا اور ان کی اہلیہ سنیتا آہوجا کی ازدواجی زندگی سے متعلق گردش کرنے والی افواہوں پر بیٹی ٹینا آہوجا نے اپنے ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی خبریں انہیں متاثر ضرور کرتی ہیں، تاہم اب وہ انہیں نظرانداز کرنا سیکھ چکی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 36 سالہ ٹینا آہوجا نے ایک حالیہ انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ بچپن سے ہی اپنے والدین کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں اور خبریں سنتی آ رہی ہیں۔
ٹینا آہوجا کا کہنا تھا کہ ان میں سے زیادہ تر باتیں بے بنیاد ہوتی ہیں یا انہیں بڑھا چڑھا کر پیش کیا جاتا ہے، جس سے انہیں ذہنی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب وہ ایسی افواہوں پر وضاحت دینے کے بجائے خاموش رہنے کو ترجیح دیتی ہیں، کیونکہ یہ سب کچھ وہ اپنی زندگی کے ابتدائی دور سے دیکھتی آ رہی ہیں۔
گووندا کی صاحبزادی نے بتایا کہ پہلے اس نوعیت کی خبریں رسائل اور اخبارات تک محدود تھیں، پھر انٹرنیٹ کا دور آیا اور اب یہی چیزیں انسٹاگرام، یوٹیوب اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز تک پھیل چکی ہیں۔
ٹینا آہوجا کا کہنا تھا کہ شوبز کی دنیا میں ہر دور میں میڈیا کی جانب سے نئی کہانیاں سامنے آتی رہی ہیں، اس لیے عوامی زندگی سے وابستہ افراد کو مضبوط اعصاب کا مظاہرہ کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی فنکار یا اس کے خاندان کے لیے مسلسل قیاس آرائیوں کا سامنا آسان نہیں ہوتا، تاہم وقت کے ساتھ انسان ان حالات سے نمٹنا سیکھ لیتا ہے۔
Discussion
Sign in to join the thread, react, and share images.