Native World News

عوام کو سہولیت دینا ہے ترجیح ہے، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس

عوام کو سہولیت دینا ہے ترجیح ہے، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس

مالی سال 2026-27 کا بجٹ گزشتہ برسوں کے مقابلے میں مختلف نوعیت کا ہے

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ مالی سال 2026-27 کا بجٹ گزشتہ برسوں کے مقابلے میں مختلف نوعیت کا ہے، کیونکہ ملکی اور عالمی صورتحال کے باعث وفاقی حکومت نے صوبوں سے مشاورت کی۔

انہوں نے بتایا کہ ابتدا میں این ایف سی ایوارڈ کے تحت صوبوں کے حصے میں کمی کی تجویز زیر غور آئی، تاہم صوبوں نے اپنے آئینی حقوق کا دفاع کیا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ بعد ازاں وفاق، چاروں صوبائی حکومتوں اور اتحادی سیاسی جماعتوں نے آئین کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے مسئلے کا حل نکالا۔ ان کے مطابق آئین کے آرٹیکل 164 کے تحت صوبائی حکومتیں وفاق کو گرانٹ فراہم کر سکتی ہیں، جس کے تحت چاروں صوبوں نے قومی دفاع اور قومی یکجہتی کے پیش نظر وفاق کو گرانٹ دینے پر اتفاق کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ مالی سال 2026-27 کا بجٹ پیش کر دیا گیا ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت مسلسل 18واں صوبائی بجٹ پیش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں سرمایہ کاری، ترقیاتی منصوبے اور معاشی سرگرمیوں کا فروغ ہمیشہ حکومت کی ترجیحات میں شامل رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایف بی آر کی وصولیوں کا ہدف 15.264 ٹریلین روپے مقرر کیا گیا ہے، جبکہ 13.35 ٹریلین روپے کی وصولیوں تک صوبوں کو ان کا مقررہ حصہ ملے گا۔ اس سے زائد وصول ہونے والی رقم صوبوں کو منتقل کی جائے گی اور صوبے یہ رقم وفاق کو گرانٹ کی صورت میں فراہم کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو توقع ہے کہ ایف بی آر مقررہ ہدف حاصل کر لے گا، جبکہ نیشنل اسٹریٹجک انیشی ایٹو کے لیے درکار فنڈز کی فراہمی کے باعث وفاق ایف بی آر پر اہداف کے حصول کے لیے دباؤ برقرار رکھے گا۔

مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ سندھ ریونیو بورڈ کی محصولات میں رواں سال 23 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال مختلف ترقیاتی اور فلاحی منصوبوں پر خطیر رقم خرچ کی گئی، جبکہ عوام کو ٹرانسپورٹ، ایندھن اور بجلی کے شعبوں میں ریلیف فراہم کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت نے کسانوں کی بھی بھرپور معاونت کی اور صوبے میں گندم کی پیداوار 1.4 ملین ٹن تک پہنچ گئی۔

پریس کانفرنس کے دوران صوبائی وزراء ناصر حسین شاہ، مکیش کمار چاولہ اور جام خان شورو بھی وزیراعلیٰ سندھ کے ہمراہ موجود تھے۔

Source: https://www.express.pk/story/2818067/providing-convenience-to-the-people-is-a-priority-says-sindh-chief-minister-murad-ali-shahs-post-budget-press-conference-2818067/

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.