جوشی فیسٹیول 13 مئی سے 17 مئی تک چترال لوئر کی وادی کیلاش میں جاری رہے گا۔
وادی کیلاش میں چلم جوشی تہوار کا آغاز ہوگیا ہے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹورازم اتھارٹی محمد سعد کے مطابق جوشی فیسٹیول 13 مئی سے 17 مئی تک چترال لوئر کی وادی کیلاش میں جاری رہے گا۔
محمد سعد نے بتایا کہ تہوار کے پہلے دن وادی رمبور میں چریک پیپی، یعنی دودھ پینے اور تقسیم کرنے کے دن کی رسم منائی جاتی ہے۔ رسم میں تمام لڑکیاں اور لڑکے بکریوں کے اصطبل جاتے ہیں اور اصطبل کو جنگلی پھولوں اور اخروٹ کے پتوں سے سجایا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپس میں محبت بانٹنے کے لیے تہوار میں دودھ کے ساتھ ساتھ پنیر اور دہی بھی تقسیم کیا جاتا ہے، جبکہ اخروٹ والی روٹی بنا کر تقسیم کرنے کی رسم بھی تہوار کا حصہ ہے۔ فیسٹیول میں روایتی ڈھول کی تھاپ پر رقص بھی کیا جاتا ہے۔
محمد سعد کے مطابق فیسٹیول میں خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کی ٹورازم پولیس لواری ٹنل سے وادی کیلاش تک مختلف مقامات پر تعینات ہے۔ ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا ٹورازم اتھارٹی شاہد خان کی ہدایات پر ٹورازم پولیس کی چھٹیاں بھی منسوخ کی گئی ہیں۔
کیلاش کی تینوں وادیوں میں ہونے والی اس روایتی ثقافتی تقریب میں ملکی و غیر ملکی سیاح امڈ آئے ہیں، جبکہ تہوار کے آخری روز وادی بمبوریت میں تقریبات منعقد کی جائیں گی۔
Discussion
Sign in to join the thread, react, and share images.